آزادجموں وکشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے24اکتوبر یوم تاسیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہماری تاریخ میں محض ایک یادگار دن نہیں، بلکہ قربانی، عزم، حوصلے اور آزادی کے لیے ہمارے اسلاف کی بے مثال جدوجہد کی روشن علامت ہے۔24 اکتوبر 1947ء کو آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر کا قیام اُن عظیم قربانیوں کا ثمر تھا جو ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی، عزتِ نفس اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پیش کیں۔آج ہم اُن عظیم شہداء، مجاہدینِ آزادی اور بانیانِ آزاد کشمیر کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آزادی کی شمع روشن کی۔صدر آزادکشمیر نے کہا کہ یومِ تاسیس ہمیں یہ حقیقت بھی یاد دلاتا ہے کہ ہماری جدوجہد کا بنیادی مقصد ابھی تشنہ تکمیل ہے۔آزاد جموں و کشمیر کا خطہ تحریکِ آزادی کشمیر کی ایک عظیم امانت ہے، اور اس امانت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اُن بھائیوں اور بہنوں کو کبھی فراموش نہ کریں جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے پُرعزم ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی استقامت، حوصلے اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔عالمی برادری، بالخصوص اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پُرامن حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہو کر گزرتا ہے۔
بحیثیت صدرِ آزاد جموں و کشمیر، میرا پختہ یقین ہے کہ قومی اتحاد، آئین و قانون کی بالادستی، مضبوط ادارے اور عوامی خدمت ہی ایک مستحکم اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہیں۔آج ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اُن کے خوابوں کو فراموش نہیں کریں گے۔ہم اپنی آزادی کی قدر کریں گے، اپنے اداروں کو مضبوط بنائیں گے، اپنے عوام کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہتر، محفوظ اور خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھیں گے۔ہماری منزل امن ہے، ہمارا راستہ اصولوں اور انصاف کا راستہ ہے، اور ہماری جدوجہد کشمیری عوام کے جائز اور مسلمہ حقِ خودارادیت کے حصول تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے وطن کو امن، اتحاد، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے، ہمارے شہداء کے درجات بلند فرمائے، اور کشمیری عوام کو آزادی، انصاف اور باوقار مستقبل کی منزل سے ہمکنار فرمائے۔

