آزادجموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجیہہ قمر نے ملاقات کی۔

آزادجموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان سے وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت محترمہ وجیہہ قمر نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر مملکت نے صدر آزادجموں و کشمیر کو منصبِ صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے گلدستہ پیش کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، آزادجموں و کشمیر میں تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے بہتر مواقع فراہم کرنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر آزادجموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، خوشحالی اور روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔ آزادجموں و کشمیر میں معیاری تعلیم کے فروغ، تعلیمی اداروں میں جدید سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وفاقی حکومت کے تعاون سے آزادجموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے میں بہتری، اعلیٰ تعلیم کے مواقع میں اضافے اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کو مزید تقویت ملے گی۔صدر ریاست نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم، فنی مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے بہتر مواقع سے بھی مستفید ہو سکیں۔وفاقی وزیر مملکت محترمہ وجیہہ قمر نے صدر آزادجموں و کشمیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تعلیم کے شعبے میں باہمی تعاون اور رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

Share This Post

More To Explore