اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے کو 21 برس مکمل ہونے پر شہدائے زلزلہ کی یاد میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام یونیورسٹی کالج گراؤنڈ مظفرآباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

08 اکتوبر 2005 کے ہولناک زلزلے کو 21 برس مکمل ہونے پر شہدائے زلزلہ کی یاد میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام یونیورسٹی کالج گراؤنڈ مظفرآباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی تھے۔تقریب میں وزیر حکومت ثاقب مجید راجہ، ممبران اسمبلی محترمہ نورین عارف، ممبران اسمبلی پیر مظہر سعید شاہ اور مریم زمان، ممبر کشمیر کونسل چوہدری منظور احمد، سیکرٹریز حکومت،پولیس افسران، سرکاری ملازمین سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام، ریسکیو اداروں کے اہلکاروں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران صبح 8 بج کر 52 منٹ پر شہدائے زلزلہ کی یاد میں سائرن بجایا گیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی، جبکہ پولیس اور ریسکیو کے دستوں نے سلامی پیش کی۔اس موقع پر سکول کے بچوں نے زلزلہ سے آگاہی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے حوالے سے خصوصی ٹیبلو پیش کیا۔ تقریب میں سانحہ 8 اکتوبر کے شہداء کے ایصالِ ثواب اور بلندیِ درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے ریسکیو 1122 اور ریڈ کریسنٹ کی جانب سے لگائے گئے آگاہی و امدادی اسٹالز کا دورہ کیا اور وہاں موجود مختلف شعبہ جات کے بارے میں بریفنگ لی۔ اس موقع پر ریسکیو اہلکاروں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور امدادی کارروائیوں سے متعلق عملی مشق کا مظاہرہ بھی کیا۔

مظفرآباد (پی آئی ڈی) 8 اکتوبر 2026

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے 8 اکتوبر 2005 کے شہدائے زلزلہ کی برسی کی مرکزی تقریب میں شرکت کی۔ شہدائے زلزلہ کی یاد میں صبح 8 بج کر 52 منٹ پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور دعا کی، جبکہ ممبر اسمبلی پیر محمد مظہر سعید شاہ نے فاتحہ خوانی کروائی۔ یادگار شہدائے زلزلہ پر پولیس کی جانب سے سلامی بھی پیش کی گئی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے تقریری مقابلے میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنیوالے طلبا و طالبات اور فلاحی کاموں میں بہترین خدمات سرانجام دینے والی تنظیموں اور اداروں کو شیلڈز بھی دیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے SDMA اور ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور ریسکیو 1122 کی عملی مشق کا مظاہرہ بھی دیکھا۔ تقریب میں وزراء، ممبران اسمبلی، سیکرٹریز، سرکاری افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ 8 اکتوبر 2005 کے زلزلے کے زخم آج بھی تازہ ہیں اور زلزلے کے اثرات کبھی دل سے مٹائے نہیں جا سکتے۔انہوں نے زلزلہ متاثرین کی بحالی میں پاک فوج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ زلزلے کے بعد پاکستانی قوم نے جس جذبہ ایثار کے ساتھ متاثرین کی مدد کی، وہ بے مثال ہے۔ دوست ممالک اور عالمی اداروں و تنظیموں کا کردار بھی ناقابلِ فراموش ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ دوست ممالک اور پاکستانی عوام کے تعاون کے بغیر تعمیرِ نو ممکن نہ تھی۔ زلزلے کے بعد تعمیرِ نو کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا اور تعمیرِ نو کے باقی منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح زلزلہ متاثرہ سکولوں کی عمارات کی تکمیل ہے۔ غیر محفوظ تعمیرات نقصانات کا خطرہ بڑھاتی ہیں، شہری بلڈنگ کوڈز پر سختی سے عمل کریں۔

Share This Post

More To Explore