کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے

کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران انفراسٹرکچر، بالخصوص سڑکوں سمیت کوئی بڑا منصوبہ نہیں لگایا گیا، موجودہ حکومت جامع منصوبہ بندی، واضح ترجیحات اور مقررہ ٹائم فریم کے تحت تعمیر و ترقی کے منصوبے مکمل کرے گی۔ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، اداروں کی بہتری، روزگار کے مواقع اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، جبکہ سو روزہ پروگرام کے تحت مقررہ اہداف پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ پانچ سال وزیر تعلیم رہے ہیں اور اس عرصہ میں انہیں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی اہمیت کا بخوبی ادراک ہوا، تاہم صرف اداروں کی اپ گریڈیشن کافی نہیں بلکہ اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ بھی ضروری ہے۔ حکومت تعلیمی معیار بہتر بنانے، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دے گی۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کے لیے حکومت نے مرحلہ وار فیصلہ کیا اور کوٹلی کے لیے تین دن کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عوام کو ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی ضروری ہے، حکومت ایک ڈیجیٹل پورٹل قائم کرنا چاہتی ہے جس کے ذریعے عوام کو حکومتی ٹینڈرز، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف حکومتی اقدامات تک براہ راست رسائی حاصل ہو سکے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار احاطہ کچہری کوٹلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ کی صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوٹلی کے صدر راجہ ادریس حیات نے کی۔جلسہ میں سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل چوہدری عبدالرحمن آرائیں، وزیر مال و بحالیات راجہ محمد ریاست خان، وزیر تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ، وزیر برقیات راجہ ثاقب مجید، ممبران اسمبلی راجہ محمد آصف، راجہ ایاز نثار اور چوہدری عبدالرازق، ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک، سابق وزیر سردار فاروق سکندر، سابق امیدوار حلقہ سٹی راجہ فاتح محمود، ن لیگی رہنماؤں راجہ شاداب خان، راجہ شعیب عابد، ملک اویس نواز، راجہ محمد افتخار، سردار گلفراز، چوہدری فیاض آرائیں، اشفاق گجر، میاں اکرم، عارف ناز، سردار مشہود، سکندر گیلانی، ناصر کمال ایڈووکیٹ سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لے گی اور عوامی ضرورت کے مطابق ترجیحات طے کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صرف منصوبوں کے اعلانات کافی نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل، معیار اور مؤثر مانیٹرنگ بھی ضروری ہے۔ حکومت دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائے گی۔وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل چوہدری عبدالرحمن نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوٹلی شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے ،ٹریفک کے بھی مسائل ہیں ،رنگ روڈ کوٹلی کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ ہسپتال کی اپ گریڈیشن بھ ناگریرہت۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان میں عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام، ترقیاتی منصوبوں اور عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی کارکردگی کو سیاسی تنقید اور مختلف دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات اور عوام کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کی بنیاد پر دیکھنا چاہیے۔چوہدری عبدالرحمن وزیر حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر کی جانے والی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم عوام کے سامنے کارکردگی اور عملی نتائج بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں، معیشت، انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کو ترجیحات میں شامل رکھا ہے اور آزاد کشمیر میں بھی اسی طرز پر عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کا ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوام کے اعتماد کا اظہار ہے اور اس اعتماد کو عوامی خدمت کے ذریعے برقرار رکھنا حکومت اور منتخب نمائندگان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے آزاد کشمیر میں حکومت تشکیل دے کر عوامی مسائل کے حل، اداروں کی بہتری اور تعمیر و ترقی کے لیے واضح سمت متعین کی ہے۔چوہدری عبدالرحمن نے کہا کہ وزیراعظم بیرسٹر افتخار گیلانی کی قیادت میں حکومت آزاد کشمیر کو ترقی کے نئے مرحلے میں داخل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کوٹلی سمیت پورے آزاد کشمیر میں سڑکوں، تعلیم، صحت، بجلی، پانی، سیاحت، صنعت اور دیگر شعبوں میں عوامی ضروریات کے مطابق منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا اصل مقصد اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت اور ان کے مسائل کا عملی حل ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے عوام کے سامنے جو وعدے کیے ہیں انہیں عملی جامہ پہنانے کے لیے حکومت کے تمام وزراء، منتخب نمائندگان اور کارکنان کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ کوٹلی کے عوام نے حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر جس اعتماد کا اظہار کیا، اسے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے اقدامات کے ذریعے جواب دیا جائے گا۔سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں کی خواہش تھی کہ آزاد کشمیر میں انتخابات نہ ہوں، تاہم اللہ کے فضل سے آج یہاں مسلم لیگ (ن) کا وزیراعظم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے انتخابات کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کیا اور آج آزاد کشمیر میں منتخب حکومت قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے حوالے سے جو کمٹمنٹ کی تھی، اسے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران عوام کو جو مشکلات درپیش رہیں، ان کے ازالے کے لیے حکومت کو ہیلنگ ٹچ دینا ہوگا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر تمام اضلاع کا دورہ کریں گے اور وزراء و عوامی نمائندگان کی جانب سے پیش کیے جانے والے جائز مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے گا۔چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ حکومت کے سو روزہ پروگرام پر عملدرآمد کے لیے ٹیم پوری طرح پرعزم ہے اور جو وعدے کیے جائیں گے انہیں پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل کے لیے مختص فنڈز آزاد کشمیر کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے علاوہ بھی دستیاب ہوں گے۔وزیر مال و بحالیات راجہ محمد ریاست خان نے کہا کہ حکومت وزیراعظم افتخار گیلانی کے ہاتھ مضبوط کرتے ہوئے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھائے گی اور عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کارکردگی مزید بہتر بنائی جائے گی جبکہ تنقید برائے اصلاح کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔راجہ محمد ریاست خان نے کہا کہ پاک فوج ہماری ریڈ لائن ہے، جو اس ریڈ لائن کو عبور کرے گا اس کے لیے اسٹیج پر جگہ موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کوٹلی کے سیاسی کارکنوں کی عزت نفس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔وزیر تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ نے کہا کہ حکومت رول آف لا پر یقین رکھتی ہے اور آزاد کشمیر میں قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنایا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ممبران اسمبلی راجہ محمد آصف اور راجہ ایاز نثار کو کابینہ میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں اقتدار ملا، تعمیر و ترقی کا عمل آگے بڑھا اور موجودہ حکومت بھی عوام کو معیاری تعلیم کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کرے گی اور لائن آف کنٹرول و ورکنگ باؤنڈری سے متاثرہ عوام کے مسائل کو بھی خصوصی اہمیت دی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ تدریسی اوقات کے دوران اگر کوئی استاد اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر ہو کر کسی وزیر یا دیگر غیر متعلقہ مقام پر موجود پایا گیا تو اس کے خلاف ضابطے کے مطابق تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی افسران پر زور دیا کہ سیاسی کارکنوں اور عوام کی جائز شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔وزیر برقیات راجہ ثاقب مجید نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے آزاد کشمیر میں انتخابات کے کامیاب اور پرامن انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت آزاد کشمیر میں بہترین طرز حکمرانی اور عوامی خدمت کی مثال قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع کوٹلی کے صدر راجہ ادریس حیات نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی کوٹلی آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے نامزد کردہ نمائندے ہیں اور ان کی قیادت میں آزاد کشمیر سے کرپشن کے خاتمے اور گورننس میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹلی سے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی چار نشستوں پر کامیابی میں چوہدری عبدالرحمن آرائیں کا اہم کردار ہے۔سابق وزیر سردار فاروق سکندر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی اپنی طبعی عمر پوری کر چکا ہے اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شہر میں ٹریفک، پانی اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ کرپشن، رشوت ستانی اور اقربا پروری کے خاتمے پر زور دیا۔ممبر اسمبلی راجہ ایاز نثار نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی کی گنجائش اور عملے کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ عوام کو صحت کی بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ممبر اسمبلی راجہ محمد آصف نے وزیراعظم کے سو روزہ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع کوٹلی میں عوام نے جس طرح وزیراعظم کا استقبال کیا، اس سے حکومت سے وابستہ توقعات کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت، وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کی ٹیم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک نے کہا کہ عوام کو موجودہ حکومت سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے فیڈ بیک فراہم کرنا تنظیمی کارکنوں اور عوام کی ذمہ داری ہے تاکہ حکومت کو زمینی حقائق اور عوامی مسائل سے مسلسل آگاہ رکھا جا سکے۔سابق امیدوار حلقہ سٹی راجہ فاتح محمود نے کہا کہ کوٹلی کو تعلیم، صحت، ٹریفک، صفائی، پانی اور ہسپتال سمیت متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ وزیراعظم افتخار گیلانی کی قیادت میں ان مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کی امید ہے۔جلسہ سے راجہ سرخیل، راجہ افتخار، راجہ شاداب، راجہ ظفراللہ خان، ملک شاہنواز ایڈووکیٹ، حافظ توقیر راجہ رہنما یوتھ ونگ برطانیہ اور راجہ عابد نے بھی خطاب کیا اور وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں عوامی مسائل کے حل اور تعمیر و ترقی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے حکومت کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔جلسہ میں مسلم لیگ ن ضلع کوٹلی کے سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر نے قرارداد پڑھی۔

Share This Post

More To Explore