افتخار گیلانی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کی حلف برداری کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعظم کی بار آمد پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی خواجہ حق نواز بٹ اور جنرل سیکرٹری چوہدری مدثر آزاد ایڈووکیٹ نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے خیرمقدم کیا۔
حلف برداری کی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ طاہر ایڈووکیٹ نے حاصل کی، جبکہ ملک شاہنواز ایڈووکیٹ نے نعت رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ تقریب میں سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل چوہدری عبدالرحمن آرائیں، وزیر تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ، وزیر مال و بحالیات راجہ محمد ریاست خان، وزیر برقیات راجہ ثاقب مجید، ممبران اسمبلی راجہ محمد آصف، راجہ ایاز نثار، ممبر کشمیر کونسل محمد حنیف ملک، سابق امیدوار اسمبلی حلقہ سٹی راجہ فاتح محمود کیانی سمیت بار عہدیداران اور وکلاء نے شرکت کی۔
صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی خواجہ حق نواز بٹ نے وزیراعظم کی بار آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم کو بار اور وکلاء کو درپیش مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے ان کے حل کے لیے حکومتی تعاون کی درخواست کی۔
جنرل سیکرٹری بار چوہدری مدثر آزاد ایڈووکیٹ نے وزیر تعلیم سکولز انجینئر عمیر نعیم ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو بار کی حلف برداری تقریب میں مدعو کرنے کے لیے بار کی معاونت کی، جس پر کوٹلی بار ان کی شکر گزار ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی نے مختصر خطاب میں کہا کہ وکلاء معاشرے میں قانون کی بالادستی، آئین کی پاسداری اور انصاف کی فراہمی کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت قانون کی حکمرانی اور اداروں کی مضبوطی کے لیے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بار اور بینچ کے درمیان بہتر رابطے سے سائلین کو انصاف کی فراہمی مزید مؤثر بنائی جا سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ کوٹلی کے مسائل کے حل کے لیے بھی دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے وکلاء برادری کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیداران وکلاء برادری اور سائلین کے مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں گے۔

