آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب خان کے پلندری کے پہلے دورے پر روانگی کے دوران کہوٹہ پہنچنے پر راجہ فیاض کی قیادت میں عوام کی جانب سے ان کا شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے صدر ریاست کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے حق میں نعرے لگائے اور اپنی محبت کا اظہار کیا۔
صدر ریاست کی گاڑی پر شہریوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں جبکہ گاڑی کو پھولوں سے لاد دیا گیا۔ کہوٹہ میں موجود لوگوں نے صدر آزادجموں و کشمیر کو اپنے درمیان پا کر خوشی کا اظہار کیا اور ان کے دورۂ پلندری کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر رکن قانون ساز اسمبلی محترمہ سحرش قمر بھی موجود تھیں۔ صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے استقبال کے لیے آنے والے شہریوں کا شکریہ ادا کیا اور اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی محبت اور خلوص ان کے لیے باعثِ عزت اور حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ ان کا رشتہ اعتماد، محبت اور خدمت کے جذبے پر قائم ہے اور وہ ریاست کی ترقی، خوشحالی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔
صدر ریاست نے کہا کہ عوامی رابطہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے اور ریاست کے مختلف علاقوں کے دوروں کا مقصد عوام کے مسائل سے براہِ راست آگاہی حاصل کرنا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔

