کیڈٹ کالج مظفرآباد کے زیر اہتمام آل پاکستان دو لسانی تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا

کیڈٹ کالج مظفرآباد کے زیر اہتمام آل پاکستان دو لسانی تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ نے شرکت کی۔ شاندار اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان ایئر فورس کالج ٹوپہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔تقریری مقابلے میں کیڈٹ کالج بٹراسی، ماڈل سائنس کالج، یونیورسٹی آف باغ، یونیورسٹی آف کوٹلی، یونیورسٹی آف آزاد کشمیر، پوسٹ گریجویٹ کالج لیپہ، اے پی ایس لیپہ، اے پی ایس باغ، اے پی ایس مظفرآباد سمیت مختلف اداروں کے طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ نے اردو اور انگریزی زبان میں اپنے خطیبانہ جوہر دکھاتے ہوئے مختلف موضوعات پر مدلل انداز میں اظہار خیال کیا۔تقریب کی مہمان خصوصی ممبر قانون ساز اسمبلی مریم کشمیری تھیں، جبکہ کیڈٹ کالج مظفرآباد کے پرنسپل بریگیڈیئر ریٹائرڈ عسرت محمود، ستارہ امتیاز اور دیگر معزز شخصیات، اساتذہ اور طلبہ بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبرقانون ساز اسمبلی مریم کشمیری نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کی انتظامیہ کو آل پاکستان سطح کا تقریری مقابلہ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کیڈٹ کالج مظفرآباد نہ صرف طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ ذہنی آزمائش، صحت مند سرگرمیوں، کھیلوں اور مختلف تعلیمی و ہم نصابی پروگراموں کے ذریعے طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے بھی بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے۔مریم کشمیری نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کے طلبہ کے درمیان ایسے مقابلے انتہائی اہم ہیں کیونکہ اس طرح طلبہ کو ایک دوسرے سے سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے طلبہ کے درمیان ملاقاتوں اور باہمی رابطوں سے مثبت تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور کشمیری و پاکستانی عوام کے درمیان موجود مضبوط رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت طلبہ کی فلاح و بہبود، تعلیم اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کی انتظامیہ پر زور دیا کہ مستقبل میں بھی ایسے صحت مند، تعمیری اور علمی مقابلوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو مبارکباد پیش کی گئی اور منتظمین کی جانب سے مقابلے میں شریک تمام تعلیمی اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا گیا۔ شرکاء نے کیڈٹ کالج مظفرآباد کی جانب سے آل پاکستان سطح کے شاندار تقریری مقابلے کے انعقاد کو سراہتے ہوئے ایسے پروگراموں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔

Share This Post

More To Explore