میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید آزاد جموں میڈیکل کالج مظفرآباد میں سالانہ سپورٹس ویک کا باقاعدہ اور شاندار افتتاح کر دیا گیا۔

میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید آزاد جموں میڈیکل کالج مظفرآباد میں سالانہ سپورٹس ویک کا باقاعدہ اور شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیر صحتِ عامہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی تھے۔مہمانِ خصوصی کی کالج آمد پر پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر عدنان معراج نے چیئرمین سپورٹس پروفیسر ڈاکٹر شوکت حیات خان اور دیگر فیکلٹی ممبران پروفیسر ڈاکٹر ضیاد افضل کیانی،پروفیسر ڈاکٹر سرمد لطیف اعوان و دیگرکے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر طلبہ و طالبات میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور کالج کا ماحول کھیلوں کے رنگ میں رنگ گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحتِ عامہ ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں بلکہ ان کی ہمہ جہت شخصیت کی تعمیر میں غیر نصابی سرگرمیوں اور کھیلوں کا بھی بنیادی کردار ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص میڈیکل کے طلبہ کے لیے کھیلوں کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے، کیونکہ ایک ڈاکٹر کا صحت مند، توانا اور پُراعتماد ہونا نہ صرف اس کی اپنی شخصیت کے لیے ضروری ہے بلکہ مریض پر بھی اس کا مثبت اثر پڑتا ہے۔ جب ایک مریض ڈاکٹر کے پاس آئے تو ڈاکٹر کی شخصیت، صحت اور اعتماد اسے یہ احساس دلائے کہ وہ ایک صحت مند اور توانا معالج کے پاس آیا ہے۔ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے کہا کہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک، قیادت، باہمی تعاون اور مثبت مسابقت جیسی اہم صلاحیتیں پیدا کرتے ہیں، جو مستقبل کے ایک کامیاب اور ذمہ دار ڈاکٹر کی شخصیت کا لازمی حصہ ہیں۔انہوں نے کالج انتظامیہ، فیکلٹی اور سپورٹس کمیٹی کو سالانہ سپورٹس ویک کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کا فروغ ایک خوش آئند اقدام ہے۔ اس موقع پر پرنسپل میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید آزاد جموں میڈیکل کالج مظفرآباد پروفیسر ڈاکٹر عدنان معراج نے کہا کہ کالج انتظامیہ طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جسمانی، ذہنی اور اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ویک طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، صحت مند مقابلے اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ چیئرمین سپورٹس پروفیسر ڈاکٹر شوکت حیات خان نے سپورٹس ویک کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ طلبہ و طالبات کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں طلبہ بھرپور جوش و خروش سے حصہ لے رہے ہیں۔افتتاحی تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے سپورٹس ویک کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ طلبہ و طالبات نے کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہوئے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

Share This Post

More To Explore