وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے بھمبر میں دانش سکول سسٹم کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے بھمبر میں دانش سکول سسٹم کے زیر تعمیر منصوبے کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے منصوبے کی پیش رفت، تعلیمی سہولیات اور دیگر امور کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ لی۔ وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دانش سکول بھمبر کا 86 فی صدکام مکمل ہو چکاہے اور آئندہ فروری تک تدریسی عمل کا آغاز ہوجائیگا۔ سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق، وزراء حکومت کرنل (ر) وقار احمد نور، ثاقب مجید اور عمیر نعیم دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دانش سکول سسٹم آزاد کشمیر میں معیاری تعلیم کے فروغ اور بچوں کو بہتر تعلیمی مواقع کی فراہمی کی جانب اہم قدم ہے۔وزیراعظم نے آزاد کشمیر میں پانچ دانش سکولزکے قیام کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے خطے کے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ وزیراعظم نے دانش سکول سسٹم کی پوری ٹیم کو منصوبے پر پیش رفت کے حوالے سے مبارکباد دی۔وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ دانش سکول سسٹم متوسط طبقے کے بچوں کے لیے اعلیٰ معیار کی تعلیمی سہولت ثابت ہوگا، جہاں طلبہ کو جدید تعلیمی ماحول اور بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ حکومت تعلیم کے شعبے میں بہتری اور نوجوان نسل کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ بھمبر میں دانش سکول سسٹم کا قیام سپیکر آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی خصوصی تحریک کا نتیجہ ہے، جس سے ضلع بھمبر کے بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔وزیراعظم نے دانش سکول سے ملحقہ آبادی کے مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو آبادی کی ضروریات کا جائزہ لینے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

Share This Post

More To Explore