عالمی یوم سیاحت کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر محکمہ سیاحت اور پبلک ٹیم کے اشتراک سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے آڈیٹوریم میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع “ڈیجیٹل ایجنڈا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے سیاحت کی نئی تشکیل” تھا۔

عالمی یوم سیاحت کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر محکمہ سیاحت اور پبلک ٹیم کے اشتراک سے کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے آڈیٹوریم میں خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع “ڈیجیٹل ایجنڈا اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے سیاحت کی نئی تشکیل” تھا۔ سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت آزاد جموں و کشمیر راجہ شاہد حسین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ ہوٹل مالکان، ریسٹورنٹ مالکان، ٹرانسپورٹرز، سیاحت سے وابستہ افراد، کاروباری طبقے، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سیمینار کے دوران آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، ذمہ دارانہ سیاحت، ماحولیاتی تحفظ اور کمیونٹی کی شمولیت سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مقررین نے کہا کہ آزاد کشمیر اپنی بے مثال قدرتی خوبصورتی، دلکش وادیوں، سرسبز پہاڑوں، تاریخی ورثے اور شاندار ثقافت کے باعث دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شامل ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ آزاد کشمیر میں سیاحت کا ایک نمایاں سفر 2014ء کے بعد شروع ہوا اور اس شعبے نے مقامی معیشت، روزگار اور کاروباری سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔مقررین نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام امن پسند، مہمان نواز اور محبت کرنے والے ہیں اور دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کا خیرمقدم کرنا ہماری پہچان ہے۔ سیاحت کی بحالی اور مزید فروغ کے لیے حکومت، نجی شعبہ، مقامی کمیونٹی اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سیمینار میں اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ عالمی سیاحتی تنظیم کی جانب سے اس سال مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن کو سیاحت کے فروغ کے لیے مرکزی اہمیت دی گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سیاحوں کو بروقت معلومات، آسان رہنمائی اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ اس سلسلے میں تجویز دی گئی کہ آزاد کشمیر کے اہم سیاحتی مقامات، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس اور دیگر سہولت مراکز پر QR کوڈ سسٹم متعارف کروایا جائے تاکہ سیاح اپنے موبائل فون کے ذریعے رہائش، راستوں، مقامات اور دیگر ضروری معلومات باآسانی حاصل کر سکیں۔ مقررین نے کہا کہ سیاحت صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے والا شعبہ ہے۔ نوجوان نسل، بالخصوص پڑھے لکھے نوجوانوں کو سیاحت کے شعبے میں شامل کر کے انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ آزاد کشمیر کے سیاحتی امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں سیمینار میں ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ سیاحت کو فروغ دیتے وقت قدرتی ماحول، جنگلات، پانی کے ذخائر اور دیگر قدرتی وسائل کا تحفظ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔ ایسا کوئی اقدام نہیں ہونا چاہیے جس سے آزاد کشمیر کے قدرتی حسن اور ماحولیاتی توازن کو نقصان پہنچے، بلکہ ایسی سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے جو پائیدار ترقی کی بنیاد بن سکیں۔ اس موقع پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے اپنے تجربات، منصوبوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ شرکاء نے ضلعی سطح پر صفائی مہمات کے انعقاد، سیاحتی مقامات پر معلوماتی مراکز کے قیام، تربیت یافتہ گائیڈز کی دستیابی اور سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے سمیت مختلف تجاویز پیش کیں۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے ایسا جامع نظام تشکیل دیا جائے جس میں سیاحوں کو مکمل رہنمائی، محفوظ ماحول اور بہترین سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پالیسی اور قانون سازی کی ضرورت ہے تاکہ حالات جیسے بھی ہوں، سیاحتی سرگرمیاں مسلسل جاری رہیں اور یہ شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن رہے۔ سیمینار کے اختتام پر آزاد کشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کرنے والے مختلف افراد اور اداروں کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر سیاحت کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہوٹل مالکان، کاروباری افراد، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ مقررین نے کہا کہ سیاحت کے فروغ میں کردار ادا کرنے والے افراد کی حوصلہ افزائی سے اس شعبے میں مزید بہتری اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ سیمینار میں آزاد کشمیر کی قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ دنیا مصنوعی خوبصورتی کی طرف بڑھ رہی ہے جبکہ آزاد کشمیر قدرت کی عطا کردہ بے مثال خوبصورتی، بلند پہاڑوں، خوبصورت وادیوں، جھیلوں اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس قدرتی اثاثے کو جدید انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح آزاد کشمیر کا رخ کریں۔ اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، نجی شعبہ اور عوام کے اشتراک سے آزاد کشمیر میں جدید، محفوظ، ماحول دوست اور ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ خطے کے قدرتی حسن، ثقافت اور سیاحتی امکانات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔

Share This Post

More To Explore