سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محمد راشد حنیف سے آزاد کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی (AKNS) کے صدر سردار زاہد تبسم کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔

سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محمد راشد حنیف سے آزاد کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی (AKNS) کے صدر سردار زاہد تبسم کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں سیکرٹری جنرل اے کے این ایس ذوالفقار بٹ، سردار حمید، جاوید اقبال و دیگر دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران آزاد کشمیر میں صحافت کے فروغ، ڈیجیٹل میڈیا کے کردار، اطلاعات تک عوام کی بروقت رسائی، میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور محکمہ اطلاعات و میڈیا کے مابین باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے کہا کہ روایتی اور ڈیجیٹل میڈیا ریاستی ترقی، عوامی آگاہی اور قومی بیانیے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، میڈیا کا کردار محض خبروں تک محدود نہیں بلکہ ایک مضبوط، باوقار اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد استوار کرنا ہے۔سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بڑھتے ہوئے استعمال نے صحافت کے دائرہ کار اور اثرات کو مزید وسعت دی ہے۔ محمد راشد حنیف نے کہا کہ محکمہ اطلاعات جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل کمیونیکیشن سسٹم کے فروغ، میڈیا پرسنز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ٹریننگ پروگرامز، سرکاری معلومات کی مؤثر ترسیل اور میڈیا اداروں کے ساتھ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مزید اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اظہارِ رائے کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور میڈیا کے ذریعے عوام اور حکومت کے درمیان مضبوط رابطے کو ناگزیر سمجھتی ہے۔ سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ اخبارات، الیکٹرانک میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ریاستی معاملات، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق میڈیا ہاؤسز کی ڈیجیٹل استعداد کار میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ فیک نیوز اور افواہوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ حقائق پر مبنی صحافت کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر نیوز پیپر سوسائٹی کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیکر میڈیا کی بہتری، صحافیوں کی پیشہ ورانہ معاونت اور اطلاعات کے مزید مؤثر نظام کے فروغ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اے کے این ایس کے وفد نے محکمہ اطلاعات کی جانب سے میڈیا اور صحافتی اداروں کے ساتھ مثبت روابط اور تعاون کو سراہا۔

Share This Post

More To Explore