ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ تعلقاتِ عامہ میرپور، آزاد کشمیر، راجہ محمد سہیل خان نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز سندھ کا دورہ کیا اور ناظمِ اعلیٰ تعلقاتِ عامہ سندھ ڈاکٹر معزالدین پیرزادہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سندھ سید سعد علی، کلیم الدین، جبکہ منرلز ڈیپارٹمنٹ آزادکشمیر کے رائلٹی انسپکٹر دانیال عادل خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ناظمِ اعلیٰ تعلقاتِ عامہ سندھ ڈاکٹر معزالدین پیرزادہ نے راجہ محمد سہیل خان کو ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز سندھ کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی دورہ کروایا اور محکمہ اطلاعات سندھ کی ورکنگ، جدید میڈیا مینجمنٹ اور ڈیجیٹل کمیونیکیشن سسٹم کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر معزالدین پیرزادہ نے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ جدید میڈیا ٹرینڈز سے بھرپور استفادہ حاصل کر رہا ہے اور ادارے کا عملہ 24 گھنٹے مختلف شفٹس میں خدمات انجام دیتا ہے تاکہ عوام کو بروقت اور مستند معلومات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز کا فوری اور مؤثر انداز میں تدارک کیا جاتا ہے تاکہ اس کے منفی اثرات کو ختم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ جدید میڈیا پلیٹ فارمز پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور محکمہ اطلاعات سندھ کا سوشل میڈیا ونگ انتہائی فعال اور مضبوط ہے۔ محکمہ کے پاس اپنی ڈی ایس این جی (DSNG) وین موجود ہے جبکہ مزید تین ڈی ایس این جی وینز کی خریداری کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
ڈاکٹر معزالدین پیرزادہ نے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ اور محکمہ اطلاعات آزادکشمیر کے مابین ایکسچینج پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہے اور جدید میڈیا ٹرینڈز کو اپنانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے جلد آزادکشمیر کے دورے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات میرپور راجہ محمد سہیل خان نے محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی، رہنمائی اور پیشہ ورانہ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ اطلاعات سندھ کے مختلف شعبہ جات کی جدید اور مؤثر ورکنگ سے بے حد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا محکمہ اطلاعات جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بہترین انداز میں خدمات انجام دے رہا ہے اور وہ اسی طرز پر محکمہ اطلاعات آزادکشمیر میں مزید بہتری کے لیے متعلقہ حکام کو تجاویز پیش کریں گے۔ بعد ازاں ناظمِ اعلیٰ تعلقاتِ عامہ سندھ ڈاکٹر معزالدین پیرزادہ نے راجہ محمد سہیل خان کو سندھ کی ثقافتی پہچان، روایتی سندھی اجرک اور سندھی ٹوپی کا تحفہ بھی پیش کیا۔

