وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرفیصل ممتاز راٹھورنے کہا ہے کہ عید الاضحی کے مقدس دن کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرفیصل ممتاز راٹھورنے کہا ہے کہ عید الاضحی کے مقدس دن کے موقع پر ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آج کے دن عظیم انبیاء کرام خلیل اللہ و ذبیح اللہ علیہ السلام نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال امثال پیش کی تھیں، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کر گیا ہے کہ خوشنودیِ خدا، بڑے مقاصد کی تکمیل اور حکمِ الہی کی پیروی کے لیے اپنی پیاری اشیا حتیٰ کہ اولاد کو بھی قربان کرنا پڑے تو اس سے گریز نہ کیا جائے۔کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے بھارتی ظلم و جبر کے آگے اپنی تیسری نسل قربان کر چکے ہیں۔عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر و استبداد، بندشوں، کرفیو اور بندوقوں کے سائے میں کلمہ حق کہنے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرتا ہوں جو انسانی تاریخ کی منفرد اور بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ حضرت ابراہیم ؑنے اپنے طرزِ عمل سے دنیا کو یہ بتایا کہ قربانی اپنے آپ کو بندگی اور اعلیٰ انسانی مقاصد کے لیے وقف کر دینے کا نام ہے۔آج کے مقدس دن اللہ رب العزت سے دعا کرتا ہوں کہ جس طرح اس نے حضرت ابراہیم ؑ کو ان کی قربانی قبول کرکے سرخرو کیااسی طرح کشمیریوں کو بھی بحقِ خلیل اللہ ان کی قربانیوں کا صلہ عطا فرمائے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ بھارت کشمیریوں کی تاریخ، ان کےعقائد اور تشخص کو مٹانے کیلئے کشمیریوں کو سفاکیت کا نشانہ بنارہا ہے۔کشمیریوں کو نماز کی ادائیگی اور اجماع تک کی اجازت نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ہمارے بیٹے، بھائی، بہنیں اور بچے عظیم اور مقدس مقصد کیلئے قربانی دے رہے ہیں۔ جتنی قربانیاں کشمیری عوام نے اپنے حق کیلئے دیں اس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مقدس دن کے موقع پر جبکہ عالم اسلام سنتِ ابراہیمی کو انجام دے رہا ہو گا ان کی توجہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی جانب مبذول کرواناچاہتا ہوں اور عالم اسلام سے اپیل کرتا ہوں کہ عید کے اجتماعات میں کشمیریوں کی تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے دعائیں کریں کہ اللہ رب العزت ان کی قربانیوں کے صدقے جو شیوۂ انبیاء ہیں، انہیں جلد کامیابی نصیب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن خونی لکیر کے دوسری جانب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہماری تمام تر صلاحیتیں تحریک آزادی کی حتمی کامیابی کیلئے وقف رہیں گی۔ آزادجموں وکشمیر کے عوام عید قربان کے موقع پر قربانی کے جذبے کے پیش نظر اپنے ارد گرد مستحقین کا خاص خیال رکھیں۔

Share This Post

More To Explore