قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا مقدس مذہبی تہوار ہمیں حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیل ؑکی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے

قائمقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا مقدس مذہبی تہوار ہمیں حضرت ابراہیم ؑاور حضرت اسماعیل ؑکی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو ایثار، صبر، وفا اور رضائے الٰہی کے اعلیٰ ترین جذبوں کی عملی مثال ہے۔ عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے ملتِ اسلامیہ، بالخصوص اہلِ کشمیر کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم دن کا بنیادی فلسفہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے اپنی عزیز ترین شے قربان کرنے کے جذبے سے عبارت ہے۔ آج کشمیری عوام بھی اسی سنتِ ابراہیمی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے آزادی کے حصول کیلئے لازوال اور بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت، جو خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت قرار دیتا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جمہوری اقدار کی مسلسل پامالی کر رہا ہے۔ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی اور سیاسی حقوق سلب کیے جا چکے ہیں جبکہ ظلم و جبر کے ذریعے ان کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت تحریکِ آزادی کشمیر کو دہشت گردی سے جوڑنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے جو نہ صرف غیر انسانی بلکہ بین الاقوامی قوانین اور اخلاقی اصولوں کے بھی منافی ہے۔ قائمقام صدر نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی مظالم اور غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے رہی ہے اور وقت آ گیا ہے کہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت فراہم کیا جائے۔ انہوں نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی عوام اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت تحریکِ آزادی کشمیر کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی۔ حکومت بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور بھارتی عزائم کو بے نقاب کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ ہمارا نصب العین سچائی، انصاف اور حق پر مبنی ہے اور ایمانِ کامل، اتحاد اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے کامیابی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حقیقی عید اُس دن ہو گی جب ریاست جموں و کشمیر مکمل آزادی حاصل کرے گی اور سیز فائر لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری بھائی بہن آزادی اور امن کی فضاؤں میں ایک ساتھ عید کی خوشیاں منا سکیں گے۔

Share This Post

More To Explore