وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ میرپور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے کارڈک سنٹر کا بجٹ 60 لاکھ سے بڑھا کر 6 کروڑ کردیا ہے اور کشمیر کارڈیالوجی کی کیتھ لیب کو فنکشنل کیا جارہا ہے، ہسپتال کی ایمرجنسی کے لئے مزید 20 ملین روپے دیئے جارہے ہیں، کشمیر کارڈیالوجی سنٹر کو دل کا الگ ہسپتال بنانے کے اقدامات سمیت 23 کروڑ 54 لاکھ روپے کی لاگت سے چار ٹیوب ویلوں پر مشتمل کھاڑک واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح کیا ہے۔ حکومت نے میرپور کی تعمیر و ترقی پر فوکس کررکھا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر پریس کلب کے صدر سید عابد حسین شاہ کی قیادت میں ملنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیرحکومت چوہدری یاسر سلطان بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انتخابی فہرستوں سے متعلق متعدد شکایات موصول ہو رہی ہیں، جن کے ازالے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی نمائندگان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو جلد مکمل ہسپتال کا درجہ دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختصر مدت کی حکومت کے باوجود بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ عام انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے بتایا کہ آزادکشمیر میں پنجاب کے طرز پر“کلین کشمیر”پروگرام شروع کرنے کا ارادہ ہے، تاہم وقت کی کمی کے باعث اس پر عملدرآمد شروع نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ حکومت کی خواہش تھی کہ اسے تینوں ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں شروع کیا جائے، مگر محدود وقت کے باعث فی الحال اسے صرف مظفرآباد تک محدود رکھا گیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر بینک کو شیڈول بینک بنانے کے لیے حکومت نے 10 ارب روپے فراہم کر دیے ہیں اور اس حوالے سے پیپر ورک مکمل کیا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ آئندہ تین ماہ کے اندر بینک کو شیڈول بینک کا درجہ حاصل ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں نوجوانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے کاروبار شروع کر سکیں۔ وزیراعظم نے میرپور میں پینے کے صاف پانی اور ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

