وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن بھارت نے منظم منصوبہ بندی کے ذریعے کیا

وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا ہے کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن بھارت نے منظم منصوبہ بندی کے ذریعے کیا، بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے اور عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کے لیے پاکستان کے خلاف مسلسل منفی ہتھکنڈے استعمال کرتا رہا تاہم اب اس کے من گھڑت اور جھوٹے بیانیے کا کھوکھلا پن دنیا پر عیاں ہو چکا ہے۔ اس فالس آپریشن کے بعد معرکہ حق بنیان مرصوص میں بھارت جو عبرتناک شکست ہوئی اسکے زخم کبھی نہیں بھریں گے۔بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے اور پاکستان سمیت کینیڈا اور دیگر ممالک میں اسکی دہشتگردی ثابت ہو چکی ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے کہا کہ پہلگام واقعہ کو ایک سال مکمل ہو گیا اور آج تک بھارت اپنے من گھڑت جھوٹے بیانیے کے حق میں کوئی ٹھوس اور قابلِ اعتبار شواہد پیش نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی ایف آئی آر کا چند منٹوں میں اندراج اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ معاملہ پہلے سے طے شدہ تھا اور اسے ایک مخصوص مقصد کے تحت استعمال کیا گیا۔ چوہدری محمد رفیق نیئر نے کہا کہ عالمی میڈیا، سول سوسائٹی اور مختلف تجزیہ کاروں کی جانب سے پہلگام واقعہ پر سنجیدہ سوالات اٹھائے گئے مگر بھارت ان کا جواب دینے کے بجائے پاکستان کے خلاف نفرت اور اپنا جھوٹے بیانیے کا راگ الاپتا رہا ہے، بین الاقوامی ادارے اور انٹرنیشنل میڈیا بھارت کے مکر و فریب کو جان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن کو ترجیح دی ہے اور دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں جنہیں عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، وقار اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں، اور کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، معرکہ حق کے بعد بھارت کو بخوبی علم ہے کہ پاکستان کا دفاع کس قدر مضبوط اور ناقابل تسخیر ہے۔ وزیر اطلاعات آزاد کشمیر نے بھارت میں اقلیتوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازع ہے اور اس کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔ بھارت موجودہ حالات سے سبق سیکھے، اشتعال انگیزی ترک کرے اور کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دے، یہی خطے میں دیرپا امن کی واحد ضمانت ہے۔

Share This Post

More To Explore