وزیراعظم آزاد جموں و کشمیرفیصل ممتاز راٹھور نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان فرزند جموں و کشمیر ڈاکٹر حضرت علامہ محمد اقبالؒ کے یوم وفات کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیرفیصل ممتاز راٹھور نے شاعر مشرق، مفکر پاکستان فرزند جموں و کشمیر ڈاکٹر حضرت علامہ محمد اقبالؒ کے یوم وفات کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضرت علامہ محمد اقبالؒ نہ صرف عظیم شاعر، عظیم مفکر، فلسفی، سیاسی قائد بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک روحانی اور فکری رہنما بھی تھے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو خوابِ آزادی دکھایا اور اُن کے دلوں میں خودی، حریت اور بیداری کا جذبہ پیدا کیا۔ حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی فکر نے ایک نئی سوچ اور سمت عطا کی جس کا نتیجہ بالآخر قیام پاکستان کی صورت میں سامنے آیا۔ حضرت علامہ نے بحیثیت فرزند کشمیر ، کشمیریوں کے جذبات واحساسات کی ترجمانی کی بلکہ تحریک آزادی کشمیر کو فکری بنیاد بھی فراہم کی، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ حضرت علامہ محمد اقبالؒ نے ہمیشہ نوجوانوں کو قوم کا حقیقی سرمایہ قرار دیا اور اُنہیں بلند حوصلہ، علم، کردار اور خوداعتمادی کے ساتھ میدانِ عمل میں اترنے کا پیغام دیا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ آج کے نوجوان اگر حضرت علامہ محمد اقبالؒ کے افکار کو سمجھ لیں اور ان پر عمل کریں تو نہ صرف پاکستان بلکہ آزاد کشمیر بھی ترقی و خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہو سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آج ہمیں حضرت علامہ محمد اقبالؒ کے افکار کو محض تقریروں یا تقریبات تک محدود نہیں رکھنا، بلکہ ان کے پیغام کو عملی زندگی میں نافذ کرنا ہوگا۔ حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی تعلیمات ہمیں یہ سکھاتی ہیں کہ کوئی بھی قوم جب تک اپنے اندر خودی، خود اعتمادی اور قومی شعور پیدا نہیں کرتی، وہ دنیا میں خوداری اور خودی کا حصول یقینی نہیں بنا سکتی ۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ آج جب ہم دنیا بھر میں کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں تو حضرت علامہ محمد اقبالؒ کی فکر ہماری رہنمائی کرتی ہے کہ ہم اپنے مقصد کے حصول کے لیے استقامت، شعور اور اتحاد کو اپنا شعار بنائیں، حضرت علامہ محمد اقبال کا پیغام اور ان کی فکر آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ نوجوان حضرت علامہ محمد اقبال کے افکار کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں اور ان کے خواب کی حقیقی تعبیر کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں خودی کے لیے صرف کریں۔اللّہ تعالیٰ ہمیں حضرت علامہ محمد اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہونے اور آزاد کشمیر کو ترقی، خودداری اور علم و حکمت کا گہوارہ بنانے کی توفیق عطا فرمائے

Share This Post

More To Explore