تحریکِ آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما بطلِ حریت راجہ محمد حیدر خان کی 60ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔

تحریکِ آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما بطلِ حریت راجہ محمد حیدر خان کی 60ویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر حیدر میموریل ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام بلدیہ ہال مظفرآباد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔تقریب سے سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، سابق وزرائے حکومت بیرسٹر افتخار گیلانی، فاروق سکندر، ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، راجہ محمد عبد القیوم خان، سید مرتضیٰ گیلانی، ثاقب مجید راجہ، راجہ ابرار حسین، سابق ایڈمنسٹریٹر چوہدری منظور احمد، سابق ایڈمنسٹریٹر جہلم ویلی فرید خان، ڈسٹرکٹ کونسلر راجہ طارق بشیر، مریم کشمیری اور راجہ ممتاز خان سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں راجہ محمد حیدر خان کی دینی، سیاسی اور سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مدبر، نڈر، بے باک اور دوراندیش رہنما تھے جنہوں نے تحریکِ آزادی کشمیر میں جرات مندانہ اور مؤثر کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی قیادت، بصیرت اور اصولی سیاست نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے، جبکہ ان کی عوامی وابستگی اور بے لوث خدمت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔تقریب کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ جو قومیں اپنے محسنوں اور اکابرین کو فراموش کر دیتی ہیں، وہ ترقی کی راہ پر آگے نہیں بڑھ سکتیں۔ مقررین نے حیدر میموریل ایسوسی ایشن کے صدر راجہ ممتاز خان اور ان کی ٹیم کو برسی کی تقریبات باقاعدگی سے منعقد کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تحریکِ آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے راجہ محمد حیدر خان کے نظریات اور افکار کی روشنی میں جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔قبل ازیں برسی کی تقریبات کا آغاز صبح شاہ عنایت مسجد میں دعائیہ تقریب اور قرآن خوانی سے ہوا، جہاں مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ بعد ازاں ان کی آخری آرام گاہ پر حاضری دی گئی، پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔

Share This Post

More To Explore