سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر کے احاطے میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام قومی شجرکاری مہم 2026 کے حوالے سے ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر کے احاطے میں محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام قومی شجرکاری مہم 2026 کے حوالے سے ایک مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان تھے جبکہ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، جج سپریم کورٹ جسٹس خالد یوسف چوہدری بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے سپریم کورٹ کے احاطے میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس رضا علی خان، جج سپریم کورٹ جسٹس خالد یوسف چوہدری نے بھی پودا لگایا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہا کہ شجرکاری مہم ہمارا قومی فریضہ ہے جسے ہم سب نے مل کر کامیاب بنانا ہے، آزاد کشمیر کے خطے کی خوبصورتی کا انحصار یہاں کے جنگلات پر ہے، عدلیہ جنگلات کے کٹاو کے تدارک اور وسیع پیمانے پر شجرکاری کو فروغ دینے کیلئے قانون کے مطابق اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔قومی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کی سب سے زیادہ ذمہ داری محکمہ جنگلات کی ہے، محکمہ جنگلات شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے عوام کو اونرشپ دے اور اپنی نگرانی میں سفید رقبہ جات پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جس سے ناجائز تجاوزات کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ محکمہ جنگلات نے اپنی اچھی روایت برقرار رکھتے ہوئے شجرکاری کی تقریب منعقد کی جو قابل ستائش اقدام ہے، شجرکاری کوہر سطح پر عام کرنے کیلئے ہر طبقے کے افراد باالخصوص طلبہ کو لازمی طور پر شامل کیا جائے۔ وکلاء سے بھی کہوں گا کہ مہم کو کامیاب بنانے میں وہ بھی اپنا کردار ادا کریں اور بڑھ چڑھ کر عملی طور پر شجرکاری مہم میں حصہ لیں۔ تقریب میں سیکرٹری جنگلات چوہدری فرید، محکمہ جنگلات کے اعلی حکام سمیت وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملکی سلامتی واستحکام اور قومی شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے دعا کی گئی۔

Share This Post

More To Explore