مظفرآباد شہر کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے جاری مہم کی پراگرس کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر کی زیر صدارت اجلاس منگل کے روز کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔

مظفرآباد شہر کی بیوٹیفکیشن کے حوالے سے جاری مہم کی پراگرس کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر مظفرآباد ڈویژن بدر منیر کی زیر صدارت اجلاس منگل کے روز کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں میئر میونسپل کارپوریشن سید سکندر نثار گیلانی، ایس سی شاہرات، ایس سی بلڈنگ، ڈی جی زراعت، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد منیر احمد قریشی کے علاوہ ترقیاتی ادارہ مظفرآباد، پبلک ہیلتھ، برقیات، جنگلات، زراعت، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر محکمہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر کی خوبصورتی اور تزئین و آرائش کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ شہر کی خوبصورتی کے کام کو مزید تیز کیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے ویژن اور چیف سیکرٹری کی ہدایات کے مطابق تمام محکمہ جات اپنی استعداد کے مطابق اپنا اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس حوالہ سے تمام محکمہ جات کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور مہم کو مزید تیز کیا جائیگا۔ کمیٹی ممبران ریگولر بنیادوں پر شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے تاکہ تزئین و آرائش کی جاریہ مہم کی پراگرس کا جائزہ لیا جا سکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری و نجی اداروں اور بنکوں کے تعاون کو مزید موثر بنایا جائیگا۔ شہر سے گندگی اور تجاوزات کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جائیگا۔ گرین بیلٹ کی تعمیر، سڑکوں کی صفائی، آر سی سی و سٹیل پلوں کی تزئین و آرائش کے حوالہ سے جاری کام جلد مکمل کیا جائے گا۔ بازاروں اور ناالیوں کی صفائی کے انتظامات کو مزیدبہتر بنایا جائے گا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد بدر منیر نے کہا کہ مظفرآباد شہر ریاست کا دارالحکومت ہے اور اسے دارالحکومت کےشایان شان بنانے کے لیے تمام ادارے اپنی ذمہ داری بروقت نبھائیں۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق روزانہ صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر صاف، ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔ اس مہم کی کامیابی کے لیے شہری بھی ذمہ داری کا ثبوت دیں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

Share This Post

More To Explore