آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے ڈسٹرکٹ بار میرپور کے صدر بابر علی خان ایڈووکیٹ نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال بھی موجود تھے۔بابر علی خان ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کو ڈسٹرکٹ بار میرپور سے خطاب کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وکلاء برادری معاشرے میں انصاف، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں انصاف کے موثر نظام کے لیے وکلاء اور عدلیہ کی مشترکہ کاوشیں ناگزیر ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل اور بار ایسوسی ایشنز کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلاء کو پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرنا اور بارز کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
بابر علی خان ایڈووکیٹ نے وزیراعظم سے ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء کے چیمبرز کے مسائل حل کرنے اور ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء کیلیے کیفٹیریا کا مطالبہ کیا ۔ ڈسٹرکٹ بار کے صدر نے وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت اور حکومت کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری ریاست میں آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔

