وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

وزیراعظم آزاد حکومتِ ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں محکمہ صحت عامہ کے لیے خریدی گئی ایمبولینسز کی عوامی فلاح کے لیے فیلڈ میں دستیابی اور عوامی صحت سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر صحت عامہ آزاد کشمیر سید بازل علی نقوی، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود، سیکرٹری صحت عامہ عامر رضا ٹیپو، سینئر ایڈیشنل سیکرٹری سید محسن گیلانی، سیکرٹری برقیات چوہدری طیب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو صحت عامہ کے شعبے میں درپیش اہم مسائل، طبی سہولیات کی فراہمی، اسپتالوں کی ضروریات، طبی آلات کی دستیابی اور نئے منصوبہ جات سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں خاص طور پر محکمہ صحت عامہ کے لیے خریدی گئی ایمبولینسز کو جلد از جلد فیلڈ میں فعال بنانے اور اس حوالے سے درپیش چیلنجز کو زیر غور لایا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ایمبولینسز کی فراہمی میں حائل تمام انتظامی اور تکنیکی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت ایمرجنسی طبی سہولت میسر آ سکے۔انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے لیے وسائل کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری، ایمبولینس سروس کی مؤثر فعالیت، اور دستیاب وسائل کے بہتر استعمال کے ذریعے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اسی بدولت ہی علاقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا ۔

Share This Post

More To Explore