وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد کو متفقہ طورمنظور کر لیاگیا ۔ قرارداد میں کہاگیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے سے منانے پر پوری پاکستانی اور کشمیر ی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔اہل پاکستان اور اہل کشمیر کا تعلق انمٹ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان میں بھی یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا جو پاکستان اور کشمیریوں کے لازوال تعلق کی عکاسی کرتا ہے،اس اہم موقع پر وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیرکے مظفرآباد دورے سے لائن آف کنٹرول کے اس پار رہنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے۔قرارداد میں کہاگیا کہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتا ہے۔اجلاس عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جابرانہ اقدامات کو روکنے میں اپنا اہم کردار ادا کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے ان سے کر رکھا ہے۔قرارداد میں ترلائی امام بارگاہ میں ہونے والے خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ۔ قرارداد میں کہاگیا کہ اجلاس دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلیے دعا گو ہے۔ اجلاس دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ دشمن کو دہشت گردی کے محاز پر بھی شکست فاش سے دوچار کرنے کے لیے عوام اپنی فورسز کے ساتھ ہے۔ قرارداد میں کہاگیا کہ اجلاس وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں عوام کی خدمت کیلیے پُرعزم ہے۔وزیراعظم نے جس لگن اور خلوص کے ساتھ آزادکشمیر کے سیاسی اور ترقیاتی منظرنامے کو تبدیل کیا ہے اس سے عام آدمی کا اعتماد ریاست پر بحال ہوا ہے انشاء اللہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی ولولہ انگیز قیادت میں ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔
مظفرآباد( پی آئی ڈی)13فروری 2026
آزادجموں وکشمیر کابینہ نے آزادجموں وکشمیر سروس ٹریبونلز ترمیمی ایکٹ 2026 ، باغ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نظرثانی میزانیہ 2024-25 و تخمینہ میزانیہ 2025-26 ، تھانہ پولیس شاردہ کے لیے خالصہ سرکارکی منظوری دیدی۔ کابینہ نے ایجنڈا آئیٹم “ منسوخی باشندہ ریاست سرٹیفکیٹ بحق محمد عاصم شریف بٹ ولد محمد شریف بٹ ساکنہ محلہ اندرون حرم گیٹ محلہ تلاں والی ملتان” کی بھی منظوری دیدی ۔ کابینہ کا اجلاس وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کی زیر صدارت وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری ، سیکرٹریز حکومت اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کابینہ کو میرپورہیلتھ کئیر ہسپتال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کابینہ نےآزادجموں وکشمیر گرانٹ آف خالصہ سرکار ( گراونڈ رینٹ اینڈ لیز) ترمیمی قواعد 2025 پر وزیرمال کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ۔ کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ اوورسیز کنونشن آزادکشمیر کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ بیرون ملک مقیم کشمیری ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی تجاویز کو حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کی سرمایہ کاری، سیاحت اور فلاحی منصوبوں میں بھرپور شمولیت یقینی بنائی جائے گی تاکہ ریاست کی ترقی کا عمل مزید تیز ہو سکے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اوورسیز کنونشن کے انعقاد کا مقصد بیرون ملک مقیم کشمیریوں کو ریاست کی تعمیر و ترقی میں عملی کردار ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل کے حل اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور نے کہاکہ حکومت نے اپنے مختصرعرصہ میں عوام کا اعتماد بحال کرنے اور تعمیر وترقی کے عمل فاسٹ ٹریک کرنے کی کوشش کی ہے ، عام آدمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وزیراعظم، وزراء اور بیوروکریسی کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں ۔

