رمضان المبارک کی آمد سے قبل فوڈ اتھارٹی جہلم ویلی کی بازاروں میں انسپکشن مزید تیز ۔ اشیائے خوردونوش کی تیاری اور فروخت پر کڑی نگرانی کرتے ہوئے ملاوٹ اور غیر معیاری خوراک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ۔ چناری، چکوٹھی اور گردونواح کے بازاروں میں ہوٹلوں، بیکریوں، دودھ فروشوں اور جنرل اسٹورز کا اچانک معائنہ کیا گیا۔ دورانِ انسپکشن صفائی کے ناقص انتظامات، غیر معیاری آئل کے استعمال، ایکسپائری اشیاء اور لیبلنگ کی خلاف ورزیوں پر موقع پر اصلاحی اقدامات کروائے گئے جبکہ متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ بعض مقامات پر غیر معیاری اشیائے خوردونوش ضبط کر کے تلف بھی کی گئیں۔
انسپکشن ٹیموں نے فوڈ ہینڈلنگ کے اصولوں، اسٹوریج سسٹم، دودھ و دیگر اشیاء کے معیار اور ورکرز کی ذاتی حفظانِ صحت کا تفصیلی جائزہ لیا اور واضح ہدایت دی کہ رمضان المبارک میں عوام کو صاف، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد/جہلم ویلی ابرار احمد میر نے کہا کہ رمضان میں ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ناقص یا مضر صحت اشیائے خوردونوش کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر دیں تاکہ بروقت اور مؤثر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

