قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک تسلیم شدہ اور دیرینہ بین الاقوامی تنازعہ ہے جو بدستور اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے، کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گےمسئلہ کشمیر سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا، مسئلہ کشمیر کو زیادہ منظم، مربوط اور مؤثر انداز میں عالمی سطح پر پیش کرنے کی ضرورت ہے، موجودہ دور سوشل و ڈیجیٹل میڈیا کا دور ہے جہاں حقائق تک رسائی آسان ہو چکی ہے، نوجوان نسل مسئلہ کشمیر کے تاریخی، قانونی اور سفارتی پہلوؤں کو گہرائی سے سمجھے اور ٹھوس دلائل کے ساتھ عالمی برادری کے سامنے اپنا مقدمہ پیش کرے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی دنیا میں بھرپور نمائندگی پر کشمیری عوام مشکور ہیں ، انشاء اللہ تحریک آزادی کشمیر جلد منطقی انجام کو پہنچے گی ،
ان خیالات کا اظہار قائم مقام صدر ریاست چوہدری لطیف اکبر نے سنیٹر فار انٹرنیشنل سٹریٹیجک سٹڈیز کے زیر اہتمام منعقد سیمینار سے خطاب میں کیا ،قائم مقام صدر آزاد جموں و کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کی وکالت کے لیے باصلاحیت، باوقار اور باخبر چہروں کو آگے لایا جائے جو بین الاقوامی فورمز پر مؤثر انداز میں قوم کی نمائندگی کرنے میں کردار ادا کرسکیں ، کشمیریوں کو اپنی قومی شناخت، نظریاتی اساس اور سیاسی مؤقف پر ثابت قدم رہتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے حریت قیادت کے مسلمہ کردار اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حریت قیادت کی جدوجہد کشمیری عوام کے عزم اور استقامت کی علامت ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتی باریکیوں کو سمجھنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عالمی سفارت کاری کے تقاضوں کے مطابق مؤثر حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں میڈیا پر قدغنیں اور مقبوضہ کشمیر میں جمہوری و شہری آزادیوں کی پامالی عالمی ضمیر کے لیے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ ان حالات کو دستاویزی شواہد اور مستند حقائق کے ساتھ دنیا کے سامنے لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی مرحلے پر معذرت خواہانہ طرزِ عمل اختیار نہیں کرنا چاہیے بلکہ اعتماد، دلیل اور وقار کے ساتھ اپنا مقدمہ پیش کرنا چاہیے۔قائم مقام صدر نے کہا کہ آج کی عالمی سیاست معاشی مفادات کے گرد گھومتی ہے، اس لیے سفارتی محاذ پر فعال، مربوط اور جدت سے بھرپور حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کو قیادت سونپ کر مسئلہ کشمیر کو نئی توانائی اور نئے انداز میں عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی باہمی تعاون سے اس کاز کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جاتا رہے گا۔

