سیکرٹری زراعت، لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، آبپاشی و اسماء وجاہت رشید بیگ نے زراعت کمپلیکس گوجرہ کا دورہ کیا۔

سیکرٹری زراعت، لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ، آبپاشی و اسماء وجاہت رشید بیگ نے زراعت کمپلیکس گوجرہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ناظم اعلیٰ زراعت و لائیو اسٹاک ڈاکٹر محمد اعجاز خان نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی، جاری سرگرمیوں اور ترقیاتی منصوبہ جات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران نائب ناظمین، ضلعی آفیسران اور محکمہ زراعت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری زراعت نے آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ محکمہ کی تمام پالیسیاں اور سرگرمیاں کسان کو مرکز میں رکھ کر ترتیب دی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زمیندار کی بہتری کے بغیر زرعی ترقی ممکن نہیں۔سیکرٹری زراعت نے فیلڈ اسٹاف کی استعداد کار بڑھانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ انہیں جدید زرعی ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں اور جدید کاشتکاری طریقوں سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جائے تاکہ کسانوں کو بروقت اور مؤثر رہنمائی میسر آ سکے۔انہوں نے فیلڈ اسٹاف کی حاضری اور کارکردگی کو یقینی بنانے کی بھی سخت ہدایات جاری کیں تاکہ کسانوں کے مسائل موقع پر حل ہوں اور محکمہ کی خدمات حقیقی معنوں میں نچلی سطح تک پہنچ سکیں۔مزید برآں، سیکرٹری زراعت نے تمام نائب ناظمین کو ہدایت کی کہ آزاد جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والی تمام فصلات کا جامع، مستند اور ڈیجیٹل ڈیٹا مرتب کیا جائے تاکہ بروقت فیصلے، بہتر منصوبہ بندی اور وسائل کی مؤثر تقسیم ممکن بنائی جا سکے۔اسی طرح فروٹ اینڈ ویجیٹیبل اسپیشلسٹ کو محکمہ کی تمام نرسریز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، معیاری اور فعال بنانے کی ہدایت کی گئی تاکہ موسمیاتی مطابقت رکھنے والے صحت مند پودے کسانوں کو دستیاب ہوں۔آخر میں سیکرٹری زراعت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فیلڈ سسٹم کی بہتری، درست ڈیٹا کی دستیابی، معیاری نرسریز اور تربیت یافتہ عملہ ہی کسان کی خوشحالی اور آزاد کشمیر میں پائیدار زرعی ترقی کی ضمانت ہیں۔

Share This Post

More To Explore