ہلال احمر آزادکشمیر کے زیر اہتمام موبائل ہیلتھ یونٹ کی اختتامی تقریب کا انعقاد۔تقریب میں موسٹ سینئر وزیر، وزیر قانون میاں عبدالوحید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے موسٹ سینئر وزیر و وزیر قانون آزاد کشمیر میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ ہیلتھ، ایجوکیشن اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی آزاد کشمیر برانچ کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔انسانیت کی خدمت ہی اصل مقصد ہے ، خدمت خلق کے کام کو نتیجہ خیز بنانے میں باکمال اور مخلص افراد کا کردار کلیدی ہوتا ہے۔فلاحی سرگرمیوں میں حکومت کا ساتھ دینے والے تمام اداروں اور افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں ، فلاحِ انسانیت کے لیے کام کرنے والے رضاکاران اور رفاعی ادارے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ مقصد سے لگن ہی کامیابی کی بنیاد ہے فلاح انسانیت کے حوالے سے پاکستان ریڈ کریسنٹ اے جے کے برانچ کا مستقبل روشن ہے۔میاں عبدالوحید نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ہماری زندگی حادثات سے عبارت ہے، آئے روز ہمیں زلزلوں، کلاؤڈ برسٹ اور دیگر قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ایسے تمام حالات میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اے جے کے برانچ صفِ اول میں رہی ہے۔ غیر معمولی حالات میں ادارے نے ہمہ تن خدمات انجام دیں جو قابلِ تعریف ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں، زلزلوں اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے رضاکاروں کو تیار کرنا پاکستان ریڈ کریسنٹ اے جے کے برانچ کا مثالی اقدام ہے۔ حالیہ دنوں میں نیلم ویلی میں ہونے والی شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے دوران جس جذبے اور نظم و ضبط کے ساتھ خدمات سرانجام دی گئیں، اس پر ادارے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
موسٹ سینیر وزیر نے کہا کہ صحت ایک نہایت اہم شعبہ ہے، بیلم میں درپیش مسائل کی نشاندہی کر کے محدود وسائل میں شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا، لوگوں میں جینے کی امید پیدا کرنا اور ریاست کا بوجھ بانٹنا پاکستان ریڈ کرسنٹ اے جے کے برانچ کا قابلِ تحسین عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ادارے مل کر خدمتِ خلق کا فریضہ انجام دیں گے۔ ہمارا نظریہ ہے کہ مخلوقِ خدا کی خدمت کی جائے۔ اللہ کی مخلوق کی بہتری کے لیے کام کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ محرومیوں کے خاتمے کے لیے اللہ نے ہمیں موقع دیا ہے اور اس حوالے سے ہم سب کی توجہ عوامی خدمت پر مرکوز ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کی خدمت میں پیش پیش رہے گی اور پاکستان ریڈ کریسنٹ اے جے کے برانچ کو گرانٹ اِن ایڈ بھی فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی ۔
منعقدہ تقریب میں چیئرمین ہلال احمر آزادکشمیر سردار شفیق احمد خان و سیکرٹری گلزار فاطمہ کے علاوہ ڈائریکٹر صحت عامہ فاروق اعوان،میئر بلدیہ سکندر گیلانی، انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز کے ہیلتھ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسفا ر الشمس، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد ڈاکٹر دانیہ کے علاوہ ہلال احمر کے سٹاف اور موبائل ہیلتھ یونٹ کی ٹیم نے بھی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی سردار شفیق احمد خان نے کہا کہ خدمتِ خلق کے لیے رضاکارانہ طور پر کام کرنے والے افراد قابلِ تحسین ہیں کیونکہ یہ افراد بلا کسی لالچ کے انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اے جے کے برانچ کے پاس ایک بہترین اور منظم ٹیم موجود ہے جس نے ہمیشہ خلوصِ دل اور دلجمعی سے خدمات انجام دی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ہلال احمر آزادکشمیر سردار شفیق احمد خان کا کہنا تھا کہ مون سون کی بارشوں اور کلاوڈ برسٹ نے نیلم اور مظفرآباد کو شدید متاثر کیا جس سے نہ صرف املاک کو نقصان پہنچا بلکہ جانی نقصان بھی ہوااورلوگ بے گھر بھی ہوئے۔ چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کا مقصد سیلا ب سے متاثرہ لوگوں کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز تک پہنچانا تھا۔ سردار شفیق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ضلع نیلم اور مظفرآباد میں موبائل ہیلتھ یونٹ کی مختلف سہولیات سے بچوں، بزرگوں، جوانوں، عورتوں سمیت12656لوگ مستفید ہوئے۔ چیئرمین ہلال احمر کا سیلاب سے متاثرہ لوگوں کا ذکر کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہلال احمر نے نیلم و مظفرآباد میں 300مستحق لوگوں کو13.5ملین کی مالی امداد بھی مہیا کی۔پی آر سی ایس ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے اور ہم حکومت کے ساتھ مل کر عوامی فلاح کے مشن کو جاری رکھیں گے۔سردار شفیق احمد خان نے کہا کہ عوامی فلاح کے ادارے کم بولتے اور زیادہ کام کرتے ہیں، جبکہ ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ دیگر فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر بھی حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ نیلم کے مسائل زیادہ ہیں، اسی لیے نیلم کو اپنی ترجیحات میں صف اول میں شامل کیا گیا ہے تاکہ وہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔سیکرٹری ہلال احمر آزادکشمیر گلزار فاطمہ کا کہنا تھاکہ قدرتی آفات وہنگامی حالات سے نبرد آزما ہونے کے لئے ہمیں ریسپانس میکنزم کومنظم، مضبوط،اورتیز بنانا ہوگا۔ ایمرجنسی ریسپانس کے علاوہ ہمیں ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اور بہترین حکمت عملی پرتوجہ مرکوز کرنی ہوگی۔ پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے گلزار فاطمہ کا کہنا تھا کہ ضلع مظفرآباد و نیلم میں 1500سے زائد خواتین کو سائیکو سوشل سپورٹ،ذاتی صحت و صفائی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے علاوہ 800خواتین کو Dignity Kitsمہیا کی گئیں جبکہ مجموعی طور پر1022مرد و خواتین کو صحت و صفائی، ذہنی صحت، ابتدائی طبی امداد کی سہولیات مہیا کی گئیں۔ سیکرٹری نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس، نیشنل ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور بالخصوص چیئرپرسن ہلال احمر پاکستان محترمہ فرزانہ نائیک کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری نے پاک فوج، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ نیلم کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری نے پراجیکٹ کی کامیابی پر موبائل ہیلتھ یونٹ کی ٹیم، ہلال احمر کے سٹاف اور رضاکاران کو خراج تحسین پیش کیا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فاروق احمد اعوان نے کہا کہ اہلال احمر (ریڈ کریسنٹ) کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ ایمرجنسی ریلیف، وبائی امراض کے انسداد اور کیپسٹی بلڈنگ میں ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ کا کردار نمایاں رہا ہے ، حکومت آئندہ بھی ان اداروں کے ساتھ مل کر عوامی فلاح کے اقدامات جاری رکھے گی، ریڈ کراس اور ریڈ کرسنٹ کی معاونت میں والنٹیرز کی تیاری اہم عمل ہے ، ریڈ کرسنٹ نے ہمیشہ معیاری سروسز فراہم کیں ، وسائل کو درست سمت میں سرف کیا جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ، انھوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر خدمت خلق کا کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی ،یاد رہے کہ مون سون 2025کی طوفانی بارشوں اور کلاوڈ برسٹ کے بعد آزادکشمیر کے ضلع نیلم اور مظفرآباد بری طرح متاثر ہوئے جس سے جانی نقصان اور انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ہلال احمر آزادکشمیر نے انٹرنیشنل فیڈریشن آف دی ریڈ کراس و نیشنل ہیڈ کوارٹرز کے تعاون اور ڈیزاسٹر ریلیف ایمرجنسی فنڈ(DREF)کے تحت ضلع نیلم میں موبائل ہیلتھ یونٹ تعینات کیا تھا۔ تین ماہ سے زائد جاری رہنے والے موبائل ہیلتھ یونٹ نے نیلم میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولتیں فراہم کیں۔الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ، گورنمنٹ آف پاکستان (نیشنل ہیڈ کوارٹر) ڈاکٹر دانیہ نے نیلم میں میڈیکل ہیلتھ یونٹس کی تنصیب کو ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فلاحِ عامہ کے لیے ایک اہم قدم ہے جس پر متعلقہ ادارے خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔آئی آر ایف سی کے ڈاکٹر اسفارالشمس نے کہا کہ نیلم میں موبائل ہیلتھ یونٹس کے آپریشنز اب ریلیف مرحلے سے نکل کر ریکوری فیز میں داخل ہو چکے ہیں۔ ادارہ حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے اور فلیش فلڈز و مون سون کے دوران قائم کیے گئے ہیلتھ یونٹس کے ذریعے 13 ہزار سے زائد افراد کو معیاری ادویات اور طبی سہولیات فراہمی یقینی بنا چکا ہے ،اس موبائل یونٹ نے ڈیزاسٹر کے دوران کمیونٹی کو صحت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی ، قبل ازیں ہلال احمر آزادکشمیر کے پروگرام اینڈ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ /فوکل پرسن ڈیزاسسٹر ریلیف ایمرجنسی فنڈمنیجر نوید اعوان نے شرکاء کو پراجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی پیش کی۔تقریب میں نوید اعوان نے ہلال احمر کی کامیابیوں، مکمل کئے گئے پراجیکٹ، مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ تقریب کے اختتام پر ریڈ کرسنٹ اور ریڈ کراس کے نمائندگان کو بہترین کارگردگی کی بنیاد ر موسٹ سینیر وزیر میاں عبدالوحید اور چیرمین ریڈ کراس کی کی جانب سے شیلڈز بھی دی گئیں ۔چیئرمین ہلال احمر نے سینیر وزیر، وزیر قانون میاں عبد الوحید، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر فاروق اعوان، مئیر بلدیہ سکندر گیلانی کو ہلال احمر کی طرف سے شیلڈز بھی پیش کیں۔

