آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیرِ صدارت ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں حکومت کے انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے، اختیارات کی باضابطہ تفویض اور ذمہ داریوں کی واضح تقسیم سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری ظفر محمود خان، پرنسپل اسٹاف آفیسر عثمان ممتاز بٹ سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران منظور شدہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کو واضح کیا گیا اور مختلف محکموں کے درمیان اختیارات و فرائض کی تقسیم پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا تاکہ سرکاری امور میں تیزی، شفافیت اور مؤثریت کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس امر پر زور دیا کہ تمام سرکاری فیصلوں اور انتظامی اقدامات میں عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور شفافیت کو ملحوظِ خاطر رکھیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایک باوقار، مثبت اور پیشہ ورانہ دفتری ماحول نہ صرف کارکردگی کو بہتر بناتا ہے بلکہ عوامی اعتماد کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تفویض شدہ ذمہ داریوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ حکومتی اہداف حاصل کیے جائیں۔

