وزیر خزانہ و چیئرمین کمیٹی چوہدری قاسم مجید کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کی سماجی و سیاسی ڈومین کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

وزیر خزانہ و چیئرمین کمیٹی چوہدری قاسم مجید کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کی سماجی و سیاسی ڈومین کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عسکری حکام کے علاوہ مختلف سرکاری محکموں کے سیکرٹریز، اعلیٰ سول افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ریاست میں سماجی ہم آہنگی، سیاسی استحکام اور ترقیاتی عمل کو مؤثر بنانے کے لیے پالیسی سطح پر مشاورت کرنا تھا۔

اجلاس میں کارپوریٹ سیکٹر کی سماجی ذمہ داری (CSR) کے مؤثر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ کارپوریٹ فنڈز کو ریاست کی مجموعی ترقیاتی ترجیحات، بالخصوص پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs)، کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک جامع قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک وضع کیا جائے تاکہ وسائل کا شفاف اور نتیجہ خیز استعمال ممکن بنایا جا سکے۔اجلاس میں عوامی شراکت داری اور امن کے فروغ کے لیے ضلعی سطح پر مقامی سیاسی قیادت اور انتظامیہ کا موثر کردار ، نوجوانوں کی مثبت اور بامقصد شمولیت یقینی بنانے اور عوامی مشغولیت کو فروغ دینے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں ریاست بھر میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بین المذاہب مکالمے، برداشت اور رواداری کے کلچر کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس کے دوران ترقیاتی اقدامات میں امن و استحکام کے مقاصد کو شامل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا اور اس سلسلے میں مختلف محکموں کے مابین مؤثر بین المحکمہ جاتی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا تاکہ ترقیاتی منصوبے دیرپا نتائج کے حامل بن سکیں۔اجلاس کے اختتام پر وزیر خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت سے متعلق تازہ ترین اور جامع رپورٹ پیش کریں۔

Share This Post

More To Explore