وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دورہ باغ کے دوران دھیر کوٹ میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت عام آدمی کی حکومت ہے

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دورہ باغ کے دوران دھیر کوٹ میں دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت عام آدمی کی حکومت ہے ،اس حکومت کی اونر شپ آپ کے پاس ہے ، یہاں کے ہر کارکن کیلیے وزیراعظم ہاؤس کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔ہم نے پوری کوشش کرنی ہے کہ عوام کا اعتماد بحال کریں ،وزیراعظم ازاد کشمیر نے کہا کہ ایک ایک دن ،ایک ایک لمحہ اور ایک ایک منٹ عوام کی خدمت میں صرف کریں گے۔ اہلیان دھیرکوٹ کا دل کی اتہاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔اہلیان دھیرکوٹ نے جس محبت ،جذبے اور لگاؤ سے استقبال کیا یہ میرے والد ممتاز راٹھور کا اثاثہ ہے ،فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آپ کو یقین دلاتا ہوں انشاءاللہ آپ کو اس حکومت میں ممتاز حسین راٹھور کی جھلک نظر آئے گی ۔ انہوں نےکہا کہ چیزیں زمین پر نظر آئیں گی ،بظاہر یہ چند ماہ کی حکومت ہے مگر اسکا اصل آغاز 2026 سے 2031 تک ہو گا۔ عوام کے حقوق کا معاملہ حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہو گی۔صحت کارڈ کا اجراء کر دیا۔ تمام مسائل جو عوام سے جڑے ہیں اور جو میرے دستخط سے حل ہونے ہیں اس میں ایک لمحہ تاخیر نہیں کرونگا ، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورنے کہا کہ انشاءاللہ ابھی یہ آغاز ہے، کیل سے حویلی تک عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے،آپ کا یہاں موجود ہونا اس حکومت پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ،یہ ایم ایل ایز کی حکومت نہیں ہے ،یہ پیپلز پارٹی کی حکومت ہے۔

Share This Post

More To Explore