وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، وطن عزیز اور جمہوریت کے لیے اس جماعت نے جو قربانیاں دی ہیں وہ کسی اور جماعت نے نہیں دی۔ ہماری جماعت کا تعلق کشمیر کے ساتھ سب سے مضبوط ہے، بلاول بھٹو زرداری نے جو نعرہ لگایا وہی نعرہ ہمارا ہے۔ریاست کے حالات ہم سب کے سامنے ہے، اس بد اعتمادی کی فضا میں حکومت سنبھالنا انتہائی مشکل تھا لیکن آزاد کشمیر کے وسیع تر مفاد میں ہم نے یہ مشکل فیصلہ کیا۔ انشاءاللہ ہم اس مختصر دورانیہ کے دوران اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے دوبارہ حکومت بنائیں گے۔ ہم نے اس سفر کا آغاز 13 سیٹوں سے کیا اور آج بھرپور قوت کے ساتھ حکومت بنائی۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشکل حالات میں ڈیلیور کیا ہے۔ ہماری حکومت کو مرکزی قیادت اور وفاقی حکومت کی مکمل تائید حاصل ہے، انشاءاللہ یہ حکومت 2026 کا الیکشن جیت کر عوامی خدمت جاری رکھے گی ۔ مسلح افواج کے جوانوں کو جو اس یخ بستہ حالات میں بھی ہماری حفاظت پر مامور ہیں ان کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ ایل او سی کے عوام نے پاک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کا مقابلہ کیا جس پر میں انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کیل انٹر کالج کی بطور ایسوسی ایٹ کالج، کیل بگنواں کے لیے مڈل سکول، شونٹھر مڈل سکول، سٹاف کے معاملات کے حل، شونٹھر کیلئے 15 کلو میٹر سڑک ، اڑنگ کیل کی سیوریج کے لیے پی سی ون بنانے کا حکم، بوائز ہائی سکول پھولاوئی کو ہائیر سیکنڈری، بوائز مڈل سکول تاوبٹ کو ہائی سکول، پھولاوئی تا تاوبٹ 05 کلو میٹر سڑکوں کا اعلان کرتا ہوں۔جس طرح آپ نے ہم پر اعتماد کیا، نوجوانوں کیلئے پروگرام کا آغاز کریں گے جس سے ان کے روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے۔ بھرپور استقبال پر اہلیان نیلم کا شکرگزار ہوں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے کیل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب آمد پر وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شدید سرد موسم میں بھی کارکنوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر خطاب وڈیو لنک کے ذریعے سنا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اہلیان کیل کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کیل ریسٹ ہاوس میں عوام علاقہ کے وفود نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا۔ موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید اور وزراء حکومت سردار جاوید ایوب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ یونین کونسل کیل اور سرگن کے کارکنان نے استقبال کیا میں اس پر آپ کا شکر گزار ہوں، یونین کونسل گریس کے کارکنان جو طویل سفر طے کر کے یہاں آئے میں ان کا بھی شکرگزار ہوں، پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر کے نظام کو بچانے کیلئے حکومت لی۔ ایک طرف ہمارے پاس ریاست کے محدود وسائل ہیں جبکہ دوسری جانب مسائل بے تحاشا ہیں، اگر اللہ نے چاہا ہم اس مختصر دورانیہ میں عوام کی خدمت کریں گے۔ ہمیں عوام کی بے چینی کو دور کرنا ہو گا اور ریاست پر عوام کا اعتماد بحال کرنا ہو گا۔ موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید نے وزیراعظم آزادکشمیر کے فقید المثال استقبال پر یونین کونسل شاردہ اور دودھنیال کے کارکنان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پیپلزپارٹی سے قلیل وقت کی حکومت میں امیدیں وابستہ کی ہیں، انشاءاللہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور انکی ٹیم اپنے والد مرحوم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے عوامی مطالبات کی حمایت بھی کی جن کا بعد میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے اعلان بھی کیا۔

Share This Post

More To Explore