وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے شاردہ پل کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ، وزراء حکومت سردار جاوید ایوب، سید بازل علی نقوی بھی موجود تھے۔ سسپنشن برج کی تعمیر پر 108 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ شاردہ پل عوام علاقہ شاردہ کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کے بعد مقامی آبادی اور سیاحوں کو درپیش سفری مشکلات دور ہو گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بیلی سسپنشن برج کی تعمیر بارے بریفنگ دی گئی۔ شاردہ پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ رشتے کی بنیاد لا الہ الااللہ ہے، ہمیں اس رشتے کو مزید مضبوط کرنا ہے،اپنی محافظ افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا رہنا ہے۔ خونی لکیر پر ہمارے دفاع کیلئےموجود پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاک فوج کے جوان ہماری حفاظت کرتے ہیں تو ہم چین کی نیند سوتے ہیں۔انہوں نےکہا کہ ریاست میں افراتفری کی صورتحال کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی نے ذمہ داری لی اور اب یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ وقت تھوڑا ہے انشاءاللہ وسائل کے اندر رہتے ہوئے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس کام سروس کی بہتری کے ساتھ دیگر موبائل سروس کمپنیز خو بھی یہاں لیکر آئیں گے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر بکوالی مڈل سکول،شاردہ میدان سکول،
ڈگری کالج شاردہ کو ماڈل ایسوسی ایٹ کالج کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ڈگری کالج شاردہ میں درکار تدریسی آسامیوں کو پورا کریں گے۔عوام کے لئے وزیر اعظم آفس اور وزراء اور سیکرٹریز کے دروازے کھلے ہیں۔

