چیف جسٹس عدالت العالیہ آزادجموں وکشمیرجسٹس سردار لیاقت حسین کی سربراہی میں جسٹس چوہدری محمد تاج سابق جج عدالت عالیہ کی یاد میں عدالت عالیہ مظفرآباد میں فل کورٹ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

چیف جسٹس عدالت العالیہ آزادجموں وکشمیرجسٹس سردار لیاقت حسین کی سربراہی میں جسٹس چوہدری محمد تاج سابق جج عدالت عالیہ کی یاد میں عدالت عالیہ مظفرآباد میں فل کورٹ تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں سینئر جج ہائیکورٹ جسٹس سید شاہد بہار، ججز ہائیکورٹ جسٹس محمد اعجاز خان، جسٹس چوہدری خالد رشید نے شرکت کی۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین نے تعزیتی فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا یہ فل کورٹ تعزیتی ریفرنس جسٹس چوہدری محمد تاج کی یاد میں منعقد کیا گیا ہے جس میں کثیر تعداد میں وکلاء کی شرکت ان کی عدلیہ کے لئے بہترین خدمات کا اعتراف ہے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، مرحوم بہترین جج تھے بطور جج ان کےفیصلے تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔ جسٹس چوہدری محمدتاج ایک ہمہ جہت شخصیت اور زبردست ذہن کے مالک تھے۔ جج بننے سے پہلے وہ ریاست کے بہترین وکیل تھے۔انہوں نے اپنی محنت اور لگن کے ذریعے آزاد کشمیر عدلیہ میں ممتاز مقام حاصل کیا۔ چیف جسٹس عدالت العالیہ جسٹس سردار لیاقت حسین نے کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے لیکن موت کے بعد ان کی خدمات کا اعتراف ان کی عظمت اور ان کے اعلی کردار کی غمازی کرتا ہے۔ ہم سب دعا گو ہیں اللہ تعالی ان کی مغفرت فرمائے۔ رجسٹرار ہائی کورٹ نے فل کورٹ تعزیتی ریفرنس میں نظامت کے فرائض سر انجام دئے جبکہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مظفرآباد، ضلع قاضی مظفرآباد، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور سنٹرل بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ آفتاب احمدایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راجہ ظفرعمر ایڈووکیٹ، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن مظفرآباد سید انیس الحسن گیلانی ایڈووکیٹ، چوہدری امجد ایڈووکیٹ سپریم کورٹ و دیگر نے مرحوم جسٹس چوہدری محمد تاج کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اعلی اوصاف کے حامل تھے،اُن کے شاندار فیصلے قانون کے طالب علموں کیلئے رہنمائی کرتے رہیں گے، مقررین نے ان کی عدالتی خدمات اور تاریخی فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جسٹس چوہدری محمدتاج کی وفات نہ صرف انفرادی نقصان ہے بلکہ ادارے اور قوم کا نقصان ہے ۔مرحوم کی شاندار عدالتی خدمات آنے والوں کیلئے مشعل راہ ہ ہیں ۔ مقررین نے مرحوم جسٹس چوہدری محمدتاج کی بطور وکیل اور جج خدمات کو سراہا۔

Share This Post

More To Explore