آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے جموں کشمیر ہاؤس میں بدھ کو دوسرے دن بھی آزادکشمیر بھر اور ان کے آبائی حلقے حویلی سے مبارکباد دینے کیلیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا ۔

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے جموں کشمیر ہاؤس میں بدھ کو دوسرے دن بھی آزادکشمیر بھر اور ان کے آبائی حلقے حویلی سے مبارکباد دینے کیلیے آنے والوں کا تانتا بندھا رہا ۔ جموں کشمیر ہاؤس عوام کیلیے کھول دیا گیا ۔سابق وزراء حکومت ،مشیران ،پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں ،سیاسی و سماجی شخصیات نے گلدستے پیش کئے اور انہیں مبارکباد دی ۔عوام اور کارکنان وفود کی صورت میں آتے رہے ،گلدستے پیش کرتے رہے اور مبارکباد دیتے رہے ۔مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح عوام کا اعتماد بحال کرنا اور ریاستی محرومیوں کو دور کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ محدود وقت میں دن رات کام کریں گے اور ان کے اقدامات عملی طور پر نظر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے روڈز، ہسپتالوں، تعلیم اور دیگر فلاحی منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔وزیراعظم نے یقین دلایا کہ بلاتفریق خدمت کا مشن جاری رہے گا اور حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ ان کی حکومت نے سرکاری ڈھانچے کی بہتری، بھرتیوں میں شفافیت اور اقربا پروری کے خاتمے کا عزم کیا ہے۔وزیراعظم نے ملاقاتوں میں عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اللہ نے یہ موقع دیا ہے کہ وہ ریاست کی محرومیوں کو دور کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سرکاری محکموں میں اصلاحات، شفافیت اور احتساب کے نظام کو مضبوط بنایا جائے گا ، بنیادی ڈھانچے، صحت، تعلیم اور روزگار کے شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر فوکس کیا جائے گا ،عوامی بہبود کو یقینی بنانے کیلیے غریب اور متوسط طبقے کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے، خصوصاً مہنگائی اور بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے حکمت عملیوں شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسیاں بنائی جائیں گی ۔وزیراعظم۔نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے کشمیری عوام پر ڈھائے جا رہے مظالم کے خلاف آواز بلند کی جائے گی اور کشمیر کے حق خود ارادیت کے حق کو بین الاقوامی فورمز پر مؤثر طریقے سے اُجاگر کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے تمام مبارکباد دینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور عوام کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ وہ عوام کے وزیر اعظم ہیں اور ان کی حکومت کا دروازہ ہر شہری کے لیے کھلا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت میں اقربا پروری اور بدعنوانی کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور تمام وسائل عوامی بہبود پر صرف کیے جائیں گے۔

Share This Post

More To Explore