وزیر مذہبی امور و اوقاف آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر احمد رضا قادری کی زیرصدارت 1500سالہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں عشرہ رحمتہ للعالمین ﷺ منانے کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلا س میں سیکرٹری مذہبی امور و اوقاف عامر محمود، سیکرٹری پی پی ایچ چوہدری مجید احمد،چیئرمین علماء ومشائخ کونسل مولانا امتیاز احمد، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب، سیکرٹری تعلیم سکولز قاضی عنایت علی،سپیشل سیکرٹری داخلہ و آئی جی جیل خانہ جات طاہر ممتاز، صدر سیرت کمیٹی عتیق احمد کیانی، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار حسین، سینئر ایڈیشنل سیکرٹری سروسز بشارت نبی، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو محمد طارق خان، ناظم اعلیٰ اوقاف سردار طارق ربانی، ناظم مذہبی امور حافظ نذیر احمد، ناظم سماجی بہبود سردارعبد الواحد خان، ناظم شہری دفاع صداقت میر، میئر بلدیہ سکندر گیلانی ودیگر آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا عشرہ رحمت اللعالمین کو نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش جزبہ سے منایا جائے گا۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عظیم الشان تقاریب /محافل میلاد منعقد ہوں گی۔وفاقی حکومت کی جانب سے حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کے 1500سال مکمل ہونے پر عشرہ رحمتہ للعالمین ﷺ کے انعقاد کی ہدایات کی گئی ہیں۔جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلہ میں مرکزی تقریب/ سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں وفاقی وزیر مذہبی سردار محمد یوسف خان بھی شرکت کریں گے۔ 12 ربیع الاول کو تعلیمی ادارہ جات کھلے رہیں گے۔ ریاست بھر میں طلبہ / سکاؤٹس 12 ربیع الاول کے جلوس اور ریلی میں شریک ہوں گے۔12 ربیع الاول کو تعلیمی ادارہ جات کو سجانے کے علاوہ چراغاں کا اہتمام بھی کیا جائیگا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے مذہبی امور و اوقاف احمد رضا قادری نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمان اپنے پیارے کریم آقا حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا 1500 واں جشن ولادت منائیں گے۔ پیغمبر اعظم، محسن انسانیت صلی اللہ علیہ والہ وسلم عالمین کے لئے سراپا رحمت بن کر جلوافروز ہوئے اور یوں سلسلسہ نبوت کی آخری سنہری اینٹ نے قصر نبوت کو مکمل کرکے ختم المرسلین ،خاتم النبیین کا شرف پایا ۔اہل ایمان کےلئے 12 ربیع الاول کا دن عید کا دن ہوتا ہے کیونکہ یہ دن اللہ کے انعام اور اس کے فضل کا دن ہے اور 12 ربیع الاول کی صبح صادق کے وقت کائنات کی سب سے بڑی نعمت اللہ تعالی نے اپنے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی صورت میں مسلمانوں کو عطا کی۔ اس سال ربیع الاول کی بارہ تاریخ کو ولادت مصطفی کی خوشیوں کو 1500 سال مکمل ہورہے ہیں۔ اس موقع پر ریاست بھر میں عشرہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارہ جات میں سیرت النبی کے حوالہ سے quiz مقابلہ جات، سیرت النبی کے حوالہ سے تقریری مقابلہ،مقابلہ حسن نعت رسول مقبول،مقابلہ حسن قرات منعقد کیے جائیں گے۔ ڈویژن ہا کی سطح پر اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے مابین مقابلہ جات کی مرکزی تقریب علی اکبر اعوان ماڈل ہائی سکول چھتر دو میل مظفر آباد میں منعقد کی جائے گی۔ 10 ربیع الاول سے قبل ضلعی اور ڈویژن کی سطح کے مقابلہ جات مکمل کر لیے جائیں گے۔ طالبات کے مابین مقابلہ جات اور میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے پروگرام ڈویژن با کی سطح پر ہی مکمل کیے جائیں گے۔ جشن عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی جملہ تقاریب اور سرگرمیوں میں اساتذہ کرام بھی شریک ہونگے۔ جشن ولادت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر جملہ جیل ہاآزاد کشمیر میں اسیران کے مابین سیر ت النبوی ﷺ پر تقرری و نعتیہ مقابلوں کے علاوہ محافل میلادالنبی کے انعقاد کا بھی اہتمام کیا ہے۔عشرہ رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے دوران یتیم خانوں، بیواؤں، بے سہارا گھروں، معذوروں اور معذور افراد کو خصوصی طور پر خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔ یونیورسٹیوں، کالجوں اور سکولوں میں سیمینارز، کانفرنسز، نعت و قرات کے مقابلے اور تقریری مقابلے وغیرہ منعقد کیے جائیں گے۔ اجلاس میں محکمہ توانائی کو ہدایت کی گئی کہ پورے عشرہ کے دوران بجلی کی مسلسل اور بلا تعطل سپلائی کو یقینی بنائے گا تاکہ مناسب روشنی اور تقریبات کو ممکن بنایا جا سکے۔پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے تمام پروگراموں کی وسیع کوریج اور تشہیر کو یقینی بنائے گا۔ اس موقع پر مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے گا۔

