آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے چیرمین/سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ملاقات کی ۔

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے چیرمین/سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے ملاقات کی ۔وفد میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان ،کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینیر غلام محمد صفی ،اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد۔وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور۔دیوان علی چغتائی۔حافظ احمد رضا قادری۔عبدالماجد خان۔چوہدری اکبر ابراہیم۔اکمل سرگالہ۔جاوید بٹ۔عاصم شریف بٹ اور ارکان اسمبلی چوہدری اسماعیل۔حافظ حامد رضا ،الطاف وانی ،سیکرٹری اسمبلی اور سیکرٹری لبریشن سیل بھی شریک تھے ۔وفد نے سیکرٹری خارجہ کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا ۔سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نے سیکرٹری خارجہ کو بتایا کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور حریت کانفرنس کے زعماء مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کیلیے بیرون ملک دورے کریں گے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی پروپیگنڈے کو زائل کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں کی سیاسی ،سفارتی اور اخلاقی حمایت کو کشمیری عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مضبوط و مستحکم پاکستان نہ صرف تحریک آزادی کشمیر کو تقویت دیتا ہے بلکہ کشمیری عوام کی بھارتی تسلط سے آزادی کا ضامن بھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اولین ترجیح مسئلہ کشمیر ہے اور اس حوالے سے قائم کی گئی یہ خصوصی کمیٹی اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے کیلیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس خصوصی کمیٹی کے تحت پاکستان کے تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں کل جماعتی کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ قوم کو ایک نکتے پر اکٹھا کیا جائے اور ہم سب ملکر عالمی رائے عامہ کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کی جانب راغب کر سکیں ۔انیوں نے کہا کہ شہداء کشمیر نے مسئلہ کشمیر کو ژندہ رکھا ہوا ہے پاکستان کے ساتھ کشمیریوں کی محبت انمٹ ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 19 جولائی 1947 کو الحاق پاکستان کی قرارداد منظور کی تھی اور ہم اپنے آباو اجداد کی مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے وفد کو اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستانی سفارتی مشن آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان پر مشتمل خصوصی کمیٹی کے بیرون ملک دوروں کے دوران انہیں مکمل معاونت فراہم کریں گے ۔وفد نے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کا شکریہ ادا کیا

Share This Post

More To Explore