ترجمان محکمہ برقیات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے کہا ہے

ترجمان محکمہ برقیات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر نے کہا ہے کہ 19 جون 2025 سے مظفرآباد کے کسی بھی فیڈر پر رات 09 بجے سے صبح 6 بجے تک لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی۔وولٹیج کی کمی کو دور کرنے ،بجلی کے موجودہ Net Work میں بہتری واپ گریڈیشن کیلئے ترقیاتی سکیمز کے تحت سامان کی خریداری کا عمل شروع ہو چکا ہے ۔ ہٹیاں گرڈ اسٹیشن میں پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کا عمل مکمل ہوچکا اورکل 28 جون سے اس کی ٹیسٹنگ شروع ہوجائیگی۔ محکمہ برقیات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق مظفر آباد ڈویژن میں اپریل تک تمام فیڈرز پر 06 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی تھی ، تاہم پیسکو حکام کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 4-3 گھنٹے رہ گیا ہے جبکہ مظفر آباد شہر میں رات 09 بجے سے صبح 6 بجے تک کسی بھی فیڈر پر مورخہ 19 جون 2025 سے لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی اس کے لیے پیسکو حکام کا محکمہ برقیات شکر گزار ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ بجلی کے انراخ کم ترین سطح پر ہونے کے باعث ساؤتھ ریجن میں بجلی کے استعمال میں 45% اضافہ اور نارتھ ریجن میں 29٪ تک ریکارڈ ہوا ہے۔ اس صورت حال میں وزیر اعظم کی ہدایت کے پیش نظر محکمہ نے پیشگی منصوبہ بندی کرتے ہوئے نئے فیڈر اور موجودہ فیڈرز کی Up-gradation کے لیے نئے منصوبہ جات مرتب کرتے ہوئے منظور کروائے ، صرف مظفر آباد شہر میں بجلی کے موجودہ Net Work میں بہتری /اپ گریڈیشن اور وولٹیج کی کمی کے مسائل کو حل کرنے کے لیے 7 نئی سکیمزمورخہ 30 مئی 2025 کو منظور کی گئیں جن کی مجموعی لاگت 308.514 ملین روپے ہے۔ نئی سکیموں پر کام کے آغاز کے لیے ٹینڈر پر اسیس مکمل کرتے ہوئے سامان کی خریداری کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یہ نئی سکیمز ایک سال کے عرصہ میں مکمل کر لی جائیں گی۔ترجمان حکومت نے مزید بتایا کہ ہٹیاں گرڈ اسٹیشن میں پاور ٹرانسفارمر کی تنصیب کا دیرینہ معاملہ حکومت آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت کے متعلقہ اداروں کی معاونت سے حل کر لیا گیا ہے۔ پاور ٹرانسفارمر موقع پر پہنچ چکا ہے اور مورخہ 28 جون 2025 کو اس کی تنصیب مکمل کرتے ہوئے ٹیسٹنگ شروع ہو جائے گی۔ترجمان برقیات نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بجلی کے غیر ضروری اور بے تحاشا استعمال پر اگر قابو نہ پایا گیا تو مستقبل میں بجلی کی ہمہ وقت فراہمی ممکن نہیں رہے گی۔ لہذا عوام الناس سے التماس ہے کہ وہ بجلی کا ضرورت کے مطابق مناسب اور جائز استعمال کریں تا کہ توانائی کی بچت کے علاوہ ہر شخص کی کم از کم ضرورت پوری ہو سکے۔

Share This Post

More To Explore