آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبرکی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں وزیر اوقاف احمد رضا قادری نے وزیربحالیات جاوید اقبال بڈھانوی کے بھائی چوہدری عبدالکریم کی وفات پر ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی۔ ایوان نے مسلم لیگ ن کے صدر شاہ غلام قادر، وزراء حکومت سردارجاوید ایوب، چوہدری قاسم مجید، سردارعامر الطاف کی جانب سے پیش کردہ قراردادیں متفقہ طورپر منظورکرلیں۔
صدرمسلم لیگ ن آزادجموں وکشمیر کی جانب پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی اور امریکی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ ا یوان امریکہ کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی بھر پور مذمت کرتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں ایران کا ایٹمی پروگرام جو کہ محض پر امن مقاصد کے لیے تھا، پر امریکی حملہ اقوام متحدہ کے چار ٹراور تمام عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اس معزز ایوان کی رائے میں اسرائیل امریکہ کی مدد اور حمایت سے نہ صرف غزہ کے مسلمانوں پر ظلم وستم کر رہا ہے بلکہ غزہ اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں اسرائیلی جارحیت انسانیت کی تاریخ کی بدترین مثال ہے جہاں پر نہ صرف معصوم بچوں اور عورتوں کو اسرائیلی افواج کی بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے بلکہ غزہ کے اندر ہسپتالوں، سکولوں اور یہاں تک کہ راشن کی تقسیم کے دوران لوگوں پر حملہ کر کے ان کو شہید کیا جارہا ہے۔ اس وقت تک اسرائیل 60 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے۔اس معزز ایوان کی رائے میں عالمی برادری نے اگر اسرائیلی جارحیت کو نہ روکا تو اسرائیل کا یہ اقدام تیسری عالمی جنگ کا پیش خیمہ بھی ہو سکتا ہے۔ یہ ایوان اقوام متحدہ، عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ، وہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا نوٹس لیں اور فلسطین کے مسئلے کا واحد حل چونکہ دور یاستی حل ہے، لہذ ا عالمی برادری فلسطینیوں کی الگ ریاست کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔یہ ایوان اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور ایران کی قیادت اور عوام کو اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم اور گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو نا کام بنانے پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان امت مسلمہ بالخصوص OIC کو ایران کی بھر پور حمایت کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
وزراء حکومت سردارجاوید ایوب اور چوہدری قاسم مجید کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ یہ معزز ایوان پاک بھارت جھڑپوں کے دوران پاکستان کے اصولی موقف کے ساتھ افواج پاکستان کی عالمی سطح پر بہترین ترجمانی اور فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں حاصل ہونے والی تاریخ ساز فتح مبین کے بعد دنیا بھر میں چیئر مین بلاول بھٹوز اداری نے جس طرح سفیر پاکستان اور محافظ کشمیر کا کردار ادا کرتے ہوئے جو سفارتی کامیابیاں حاصل کیں اس پر یہ معزز ایوان انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔معزز ایوان چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بری، بحری،فضائی افواج کی کمانڈنگ اتھارٹیز کی کثیر المقاصد پالیسوں کے نتیجے میں ان کے آفیسران اور جوانوں کی حب الوطنی، قوت ایمانی، شوق شہادت کو خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ نیز اہل کشمیر کی جانب سے پاکستان کے پہلے منتخب وزیر اعظم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو،دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو کی دفاع وطن کے لئے پیش بندی پر انہیں سلام عقیدت پیش کرتا ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریند مودی اور ان کی بنیاد پرست قیادت اور میڈیا کا تسلسل سے وطن عزیز پاکستان اور ریاست جموں و کشمیر کے خلاف ہرزہ سرائی کی پر زور خدمت کرتا ہے اور ایک بار پھر افواج پاکستان قومی سلامتی کے اداروں اور اپنے غیر مشروط تعاون کا یقین دلاتا ہے۔یہ معزز ایوان اسرائیل کی فلسطین کے بعد ایران پر جارحیت کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے امریکی حملوں کو بھی عالمی امن کے لئے Red Alert تصور کرتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کے لئے آئی لو یو اور مسئلہ کشمیر کو عالمی تنازعہ قرار دینے کے بعد ثالثی کے لئے ان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ لہذا وہ فریق بننے کے بجائے قیام امن کے لئے باوقار اور پائیدار مفاہمتی ماحول میں پیش رفت پر توجہ مرکوز کریں۔یہ ایوان پیپلز پارٹی کے چیئر مین سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں با اثر ممالک کے دوروں پر جانے والے سفارتی مشن کی 70 سے زائد عالمی فورم پر ہونے والی اہم ملاقاتوں کو حوصلہ افزاء سفارتی کامیابیاں قرار دیتا ہے۔ جبکہ قومی اسمبلی کے رواں اجلاس میں مسئلہ کشمیر اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خوداریت بردار اسلامی ملک ایران کی حمایت میں دوٹوک اور جرات مند پالسیاں اختیار کرنے پر ان کی مدبرانہ قیادت کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے۔ جنہوں نے دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کے اصولی موقف افواج پاکستان کی امن خواہشات اور مسئلہ کشمیر کے دیر پا با وقار منصفانہ حل کے لئے دلائل اور حقائق سے عالمی برداری کی ذہن سازی کا Break Through کیا۔ جس پر پوری قوم ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی قیادت میں سفارتی مشن بیرون ممالک بھیجنے پروزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے فیصلے کو قابل ستائش قرار دیتا ہے۔
وزیربرائے ٹیوٹا سردارعامر الطاف کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی اور امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور اس حملے میں شہید ہونے والے ایرانی بھائیوں کی شہادت کو سلام پیش کرتا ہے اور عالمی رہنماؤں اور دنیا سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ اس جنگ کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔یہ ایوان یہ واضح کرتا ہے کہ ایران کو پر امن جو ہری توانائی حاصل کرنے کا حق حاصل ہے اور کسی دوسرے ملک کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ دوسرے کی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کرے اور اس کے شہریوں کا قتل عام کرے۔ اسرائیل اس سے قبل امریکی آشیر باد پر غزہ فلسطین، لبنان، شام اور عراق پر نا جائز غیر قانونی فضائی حملے کر چکا ہے۔ لیکن اب تک اسرائیلی جارحیت کو روکا نہیں جاسکا۔ اس معزز ایوان کی رائے میں اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔ مغرب اور امریکہ اس کی مسلسل پشت پنائی کر رہے ہیں۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کی وجہ سے دنیا تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔یہ ایوان فلسطین، غزہ اور ایران کے بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور OIC سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کھڑے ہوں اور اسرائیلی جارحیت کو رکوانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ یہ ایوان اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی بھر پور حمایت کرتا ہے اور یہ ایوان تمام اسلامی ممالک جنہوں نے جنگ کے دوران ایران کی سفارتی و اخلاقی حمایت کی، کو بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے اور یہ ایوان ایران کی قیادت اور عوام کو اسرائیلی عزائم نا کام بنانے پر بھر پور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 26 جون بروز جمعرات دن 02 بجے تک ملتوی کردیا۔

