وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کی جانب سے پیش کردہ ایک اور قرارداد میں کہا گیا ہے

وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ کی جانب سے پیش کردہ ایک اور قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان شدید رنج و غم کے ساتھ 21 مئی 2025 کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس پر ہونے والے سفاکانہ اور غیر انسانی دہشت گرد حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، جس میں کم از کم چار معصوم بچے شہید اور 38 افراد زخمی ہوئے، جن میں کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ ایوان اس المناک واقعے کو ایک قومی سانحہ قرار دیتا ہے اور اس بات پر زور دیتا ہے کہ اس حملے نے پوری قوم کو غم، صدمے اور افسوس میں مبتلا کیا۔ یہ حملہ صرف ایک تعلیمی ادارے پر نہیں بلکہ انسانیت، علم اور امن پر حملہ تھا۔ یہ ایوان دہشت گردی کے اس بہیمانہ اقدام میں ملوث عناصر اور ان کے ہینڈلرز کو انسانیت کا دشمن تصور کرتا ہے اور مطالبہ کرتا ہے کہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت ترین سزادی جائے تا کہ مستقبل میں ایسے بزدلانہ حملوں کا تدارک ممکن ہو۔ یہ ایوان شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور ان کے صبر واستقامت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

Share This Post

More To Explore