وزیر اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ یقین، قربانی اور حب الوطنی کا مظہر” آپریشن بنیان المرصوص “ایک فوجی کارروائی نہیں

وزیر اطلاعات آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر پیر مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ یقین، قربانی اور حب الوطنی کا مظہر” آپریشن بنیان المرصوص “ایک فوجی کارروائی نہیں، ایک تاریخ ہے جو ایمانی شجاعت سے لکھی گئی!دشمن نے شب خون مارا، تو پاک فوج نے غیرت ایمان اور جدید حکمت عملی سے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔دعا ہے وطن سلامت رہے اور مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہو۔آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قراردادپیش کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ یہ ایوان افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر اور عوام کو خراج تحسین اور جذبہ یکجہتی و حب الوطنی کو سلام پیش کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ الحمد للہ ہم نے دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا ہے تاہم یہ بات بھی روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ دشمن باز آنے والا نہیں ہے اور اس طرح کا ایڈونچر دوبارہ کرنے کے ارادے کا اظہار کر چکا ہے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حیثیت سے پاکستان کی پہلی ڈیفنس لائن ہے اس لیے موجودہ صورتحال کے تناظر میں یہ بات از حد ضروری ہے کہ عوام کو کسی بھی قسم کی ناگہانی صور تحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار کیا جائے انہیں ضروری ادویات کا استعمال، انجکشن لگانے، مرہم پٹی کرنے اور ذاتی دفاع کی بنیادی تمام تربیت دی جائے۔ یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ تمام تعلیمی اداروں میں این سی سی کی ٹریننگ بحال کی جائے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے شہری دفاع کی تربیت دی جائے رضا کاروں کی خصوصی تربیت کا ایک جامع پروگرام مرتب کیا جائے جن کے پاس خصوصی علامتی جیکٹس اور کارڈز ہوں۔یہ ایوان یہ بھی مطالبہ کرتا ہے کہ فیلڈ میں کام کرنے والے صحافیوں اور ہنگامی حالات میں کام کرنے والے رضا کاروں کے لیے جان بچانے والے آلات پر مشتمل کٹس (kits) مہیا کی جائیں.وزیراطلاعات نے کہاکہ یہ ایوان بھارتی جارحیت کے نتیجے میں حویلی اور لیپہ میں ہسپتالوں کی تباہی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور حویلی، لیپہ اور نیلم میں فیلڈ ہسپتال قائم کیے جانے کا مطالبہ کرتا ہے۔یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت، دفاعی ادارے، سول سوسائٹی اور این جی اوز مل کر سرحدی علاقوں میں بنکرز، خوراک اور ضروری ادویات کا مناسب بندوبست اور ذخیرہ کروائیں تا کہ کسی بھی ناگہانی صور تحال میں قیمتی جانیں بچائی جاسکیں۔

Share This Post

More To Explore