مشیربرائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثاراں عباسی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ آزاد کشمیر میں اس وقت تھلیسمیا کے بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد خوفناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے۔

مشیربرائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثاراں عباسی کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ آزاد کشمیر میں اس وقت تھلیسمیا کے بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد خوفناک صورتحال اختیار کرتی جا رہی ہے۔مظفر آباد شہر کے اندر سول سوسائٹی بلڈ بنک گزشتہ چار سالوں سے ہزاروں کی تعداد میں بلڈ کیمپ لگا کر تھلیسمیا کے بچوں کے لئے خون کے عطیات جمع کر کے ریجنل بلڈ سنٹر کو دے رہا ہے۔گزشتہ حکومت میں محترمہ نسیمہ وانی سابق ممبر اسمبلی کی جانب سے قانون ساز اسمبلی میں اس سلسلہ میں قرارداد بھی پیش کی گئی تھی کہ بڑھتے ہوئے تھلیسمیا کے کیسز خوفناک صورتحال اختیار کر چکے ہیں۔ پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی قانون سازی کی جائے۔ کزن میرج سے قبل ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے۔قرارداد متفقہ طور پر پاس ہو چکی ہے لیکن تا حال قانون سازی کی طرف سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔قراردا میں کہاگیاکہ یہ خالصتاً فی سبیل اللہ کا کام ہے اور کوئی پوائنٹ سکورنگ نہیں ہے۔ راقمہ بھی سول سوسائٹی بلڈ بنک کی ممبر ہے اور نوجوانوں کے وفد نے راقمہ سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا ہے کہ اس پر قانون سازی کے لئے فوری تحریک کی جائے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت نثار انصرابدالی نے کہاکہ جب تک اس حوالے سے قانون سازی نہیں ہوتی ٹیسٹ کی سہولت موجود ہے۔

وزیر قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق میاں عبد الوحید اور وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنا ئزیشن چوہدری محمد رشید کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہا گیا کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس سپہ سالا رافواج پاکستان سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں سپہ سالا رافواج پاکستان جنرل سید عاصم منیر نے حالیہ پاک بھارت جنگ میں جس پیشہ وارانہ مہارت، دلیری اور مؤثر طریقے سے بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کو جنگ میں شکست فاش دی، وہ یقینی طور پر اس عہدے کے حق دار تھے۔ جس پر پوری قوم ان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں پاک فوج کی قیادت ایک ایسے نڈر، دلیر اور اعلیٰ پیشہ وارانہ مہارت کے حامل شخصیت کے پاس ہے جو راسخ العقیدہ ہونے کے ساتھ ساتھ جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے۔ یہ ایوان توقع رکھتا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنی بہترین صلاحتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مملکت خداداد پاکستان کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ یہ ایوان اس موقع پر وزیر اعظم پاکستان اور ان کی کابینہ کا بھی لیے ادا شکر گزار ہے جنہوں نے سپہ سالا رافواج پاکستان سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دی۔قرارداد وزیر قانون میاں عبدالوحید نے ایوان میں پیش کی۔

وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی کی جانب سے پیش کردہ قرارد اد میں کہا گیا کہ آج کا یہ اجلاس ہمارے ازلی دشمن بھارت کی بزدلانہ جارحیت جو رات کے اندھیرے میں سوئے ہوئے نہتے شہریوں پر بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ مورخہ7،8،9مئی 2025 کو بھارت نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہروں پر راکٹ داغے، مارٹر گن سے گولہ باری کی جس سے کوٹلی اور مظفر آباد کی شہری آبادی نشانہ بنی اور کوٹلی کے دو طلباء نے جام شہادت نوش کر کے جہاں شہید ہونے کا اعزاز حاصل کیا وہاں ہمارے سر فخر سے بلند کیے۔ ضلع کوٹلی میں حلقہ 2 نکیال سے 5 افراد شہید ہوئے، کھوئی رٹہ سے05 افراد شہید ہوئے، کوٹلی شہر سے 02 افراد شہید ہوئے اسی طرح برنالہ، چھمب، کہوٹہ سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مضافات پر سویلین شہداء اور افواج پاکستان کے شہداء نے وطن عزیز پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ہمارے سر فخر سے بلند کیئے۔ اس موقع پر پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی اور عسکری قیادت نے مدبرانہ فیصلہ کیا اور 10 مئی 2025 کو دن کے اجالے میں بھارت کی بزدلانہ جارحیت کا بھر پور جواب دے کر ان کے مختلف شہروں میں واقع عسکری تنصیبات اور دہشت گردی کے ٹھکانوں پر کاری ضرب لگائی۔ مسلح افواج پاکستان اور فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت کا بھر پور مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو دندان شکن جواب دیا جس کے باعث ازلی دشمن نے امریکہ اور دیگر ممالک سے سیزفائر کی بھیک مانگی۔ افواج پاکستان کی اس عظیم کامیابی نے ہمارے سر فخر سے بلند کیئے۔ آج کا یہ اجلاس افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور پاکستان کی سیاسی قیادت صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق سمیت ساری فوجی اور سیاسی قیادت کو بروقت بھارت کے حملہ کا جواب دینے پر مبارکباد پیش کرتا ہے اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاتی پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ آج کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ اس فتح پر شکرانہ کے نوافل ادا کر کے اللہ کے حضور شکر ادا کیا جائے۔ آج کا یہ اجلاس تمام شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتا ہے۔ آج کا یہ اجلاس وزیر اعظم انوار الحق کا فوری شہداء کے ورثاء سے اظہار افسوس اور شہداء اور زخمیوں کو بروقت معاوضہ دینے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہے۔

Share This Post

More To Explore