سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کے اجلاس میں قائد ایوان، وزرا حکومت و ممبران اسمبلی کی جانب سے قراردادیں پیش کی گئیں۔
ایوان میں وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیرچوہدری انوار الحق، موسٹ سینئر وزیر /وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن وقار احمد نور،وزیر قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق میاں عبدالوحید، وزیر خوراک محمد اکبر ابراہیم، وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی فیصل ممتاز راٹھور،وزیر برائے وائلڈ لائف و فشریر سردار محمد جاوید ایوب،وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان، وزیر مواصلات اظہر صادق، وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک، وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، وزیر امور منگلا و منگلا ڈیم ہاوسنگ اتھارٹی چوہدری قاسم مجید اوروزیر ٹیوٹا سردار عامر الطاف خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران اللہ تعالی کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں جن کے خصوصی فضل و کرم سے پاکستان کو بنیان مرصو ص میں کامیابی نصیب ہوئی۔یہ ایوان پاکستان کی بہادر بری، بحری اور فضائی افواج کو ہندوستان کی جارحیت کامنہ توڑ جواب دینے، اس کی طاقت کا زعم توڑنے اور اس کو اس کی سرزمین میں جا کر گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ افواج پاکستان کی یہ قربانی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔یہ ایوان چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کے قائدانہ کردار، دوٹوک موقف اور تنازعہ جموں و کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان صدر امریکہ ڈونلڈ جے ٹرمپ کی طرف سے تنازعہ جموں و کشمیر کے حل پر زور دینے کے بیان کا خیر مقدم کرتا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ اس خطہ میں دیر پا امن اور ترقی کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا حل ضروری ہے۔یہ ایوان حکومت پاکستان کی طرف سے ہندوستان کی جارحیت پر قومی امنگوں کے مطابق جواب دینے اور سفارتی سطح پر ہندوستان کو بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کی طرف سے افواج پاکستان کی بھرپور حمایت اور یکجہتی کے اظہار پر پاکستانی قوم اور آزاد کشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ یہ ایوان ہندوستان کی طرف سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں مساجد اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتا ہے اور اس اقدام کو انسانیت کے خلاف جرائم اور جنگی جرائم سمجھتاہے۔ ہندوستان کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کے معطل کرنے کے فیصلہ کی مذمت کرتا ہے اور اس کو act of war سمجھتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان ہندوستان کی جارحیت کے باعث شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتا ہے،ان کی جائیدادوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے اور آزاد کشمیر کے تمام متاثرین کو یقین دلاتے ہیں کہ یہ ایوان ان کے ساتھ ہے۔یہ ایوان اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ ہندوستان کی جارحیت کا نوٹس لے۔ اس خطہ میں دیرپا اور پائیدار امن کے لیے تنازعہ جموں و کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان ہندوستان کے خلاف جنگ کے دوران حکومت پاکستان نے شہداء اور زخمیوں کے ساتھ ساتھ املاک کے نقصان پر بھرپور امداد کرنے پر وزیر اعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف کا دلی طور پر شکریہ ادا کرتا ہے۔یہ اجلاس چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے منصب پر ترقیاب ہونے پر بھی دل کی اتھاہ گہرایؤں سے مبارکباد پیش کرتاہے۔ایوان میں یہ قرارداد وزیرقانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے پیش کی۔
سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس حالیہ بھارتی جارحیت کو کامیابی سے ناکام بنانے پر حکومت پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے۔ اس سلسلہ میں وزارت خارجہ حکومت پاکستان کی کامیاب حکمت عملی پر انہیں بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے چیئر مین جوائنٹ سٹاف کمیٹی جناب ساحر شمشاد مرزا، بری افواج کے سربراہ جناب سید عاصم منیر (نشان امتیاز)، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر الدین بابر، پاک بحریہ کے سر براہ چیف آف سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کو جن کی کامیاب مربوط باہمی حکمت عملی سے اپنے سے تین گنا بڑے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔یہ اجلاس وزیر اعظم پاکستان جناب شہباز شریف اور وزیر خارجہ جناب اسحاق ڈار کا بطور خاص شکر یہ ادا کرتا ہے کہ انہوں نے پاکستان کا مقدمہ انتہائی مہارت کے ساتھ اقوام عالم میں پیش کیا۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ اجلاس جوان سے لیکر جنرل تک، ایئر مین سے لیکر فضائیہ کے سربراہ تک سیلر سے لیکر بحریہ کے سربراہ کو ہدیہ تبریک پیش کرتا ہے۔ یہ اجلاس عوامی جمہوریہ چین اور برادر اسلامی ملک ترکیہ اور آذربائیجان کی غیر متزلزل حمایت پر کشمیری عوام کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ یہ اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خادم الحرمین شریفین اور خلیجی ممالک کا اس نازک مرحلے پر پاکستان کی سیاسی و سفارتی حمایت کرنے پر بطور خاص شکر یہ ادا کرتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ اجلاس پاکستان کی 25 کروڑ عوام کو یقین دلاتا ہے کہ وطن عزیز پاکستان کی سا لمیت کیلئے سیز فار لائن کے دونوں اطراف بسنے والے کشمیری عوام پاکستان کی حمایت میں صف اول ہونگے۔ یہ اجلاس پاکستان اور ہندوستان سے توقع رکھتا ہے کہ کثیر المقاصد مذاکرات میں مسئلہ کشمیر کو بنیادی اہمیت دینگے، دونوں ممالک کے درمیان اس خطہ میں قیام امن تب ہی ممکن ہو سکے گا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور سیکورٹی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل ہو۔ یہ اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی قابض افواج کی جانب سے لوگوں کو پکڑ دھکڑ اور اُن کی جائیدادوں کو تباہ کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتا ہے۔
راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے پیش کردہ ایک اور قرارداد میں کہاگیاکہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں و کشمیر کا یہ اجلاس ہندوستان کی جانب سے تعلیم، روزگار اور تجارتی غرض سے امریکہ، برطانیہ و دیگر ممالک میں مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کے شہریوں کو مودی کی پالیسیوں پر تنقید کرنے کی پاداش میں مسلمہ بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی طور پر ان کی شہریت کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں سفری دستاویزات سے محروم کر رہا ہے، جس سے اُن کا ان ممالک میں قیام ملازمت کو ناممکن بناتے ہوئےcitizenship citizen without A کا ظالمانہ اقدام اُٹھا رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ اجلاس بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر کی سٹیٹ سبجیکٹ عالمی شہرت یافتہ مصنفہ پروفیسر نتائشہ کول کو مودی حکومت کی غیر جمہوری پالیسیوں انتہاء پسندانہ سوچ کی ترویج و تشہیر کے جرم میں اُن کی ہندوستانی شہریت کو منسوخ کرنے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے تمام افراد جو ریاست جموں و کشمیر کے شہری ہیں، جن کی ہندوستان شہریت منسوخ کر رہا ہے، کو پاکستانی شہریت دی جائے۔
صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین کی جانب سے پیش کردہ قراردادمیں کہاگیاکہ آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس بھارتی حملوں کے جواب میں آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پوری قوم اور افواج پاکستان کو مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ افواج پاکستان نے بھارت پر جو کاری وار لگائے ہیں، اس کے زخم وہ صدیوں تک چاٹتا رہے گا۔افواج پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے اس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ افواج پاکستان نے اندرونی وبیرونی دشمنوں کو عبرت ناک شکست دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ افواج پاکستان کی موجودگی میں دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتی۔یہ اجلاس افواج پاکستان کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین و سلام پیش کرتا ہے۔ یہ اجلاس افواج پاکستان اورشہداء پاکستان و کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ یہ اجلاس اس بات کا عہد کرتا ہے کہ ماضی کی طرح پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔بھارتی حملے کے جواب میں افواج پاکستان نے جو کامیابی وفتح حاصل کی ہے وہ تاریخ ساز کامیابی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ اجلاس اپنے شاہینوں کو خصوصی مبارکباد پیش کرتا ہے۔یہ اجلاس اس موقع پر افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور ان کی بہترین حکمت عملی کامعترف ہے۔یہ ایوان بھارت کی جانب سے بلا تحقیق پاکستان پر الزامات منفی پروپیگنڈہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔یہ اجلاس بھارتی حملوں کو بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کا عکاس سمجھتاہے۔یہ اجلاس پاکستان اور آزاد کشمیر کے نہتے شہریوں پر حملوں اور شہادتوں کی مذمت کرتاہے۔ان حملوں کی شدیر الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو بین الاقوامی قوانین روندنے کے مترادف قرار دیتاہے۔یہ اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جا نب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو خوش آیند قرار دیتا ہے۔
چوہدری محمد یاسین کی جانب سے پیش کردہ ایک اور قرارداد میں کہاگیاکہ آج کا یہ اجلاس جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل ترقیاب ہونے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہے۔یہ ایوان سمجھتا ہے کہ یہ ان کی دلیرانہ قیادت ہی تھی جس کی وجہ سے تاریخ ساز فتح ملی۔یہ اجلاس افواج پاکستان کو ایسا دلیر،معاملہ فہم اور بہترین حربی صلاحیتوں سے مالا مال فیلڈ مارشل ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتا ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ اجلاس سمجھتا ہے کہ ان کو فیلڈ مارشل ترقیاب کر کے نہ صرف ان کی صلاحیتوں کا اعتراف ہے بلکہ ملک کا دفاع تجربہ کار اور ایک پروفیشنل فیلڈ مارشل کے ہاتھ میں ہے۔یہ اجلاس مبارکباد کے ساتھ سمجھتا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان دشمنوں کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن چکے ہیں۔
صدرپاکستان مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون سازاسمبلی آزادجموں وکشمیر کا یہ اجلاس جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقیاب ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔ اس معززایوان کی رائے میں جنرل سید عاصم منیر نے حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں اپنی پیشہ وارانہ مہارت، بہترین صلاحیتوں اور مؤثر حکمت عملی سے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیا۔یہ ایوا ن اور پوری قوم ان کی دلیری اور وطن سے محبت کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہے۔قرارداد میں کہاگیا کہ یہ معزز ایوان وزیر اعظم پاکستان جناب محمدشہباز شریف اور ان کی کابینہ کے اس فیصلہ پر ان کو بھرپور خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتاہے۔ اس معزز ایوان کی رائے میں جنرل سید عاصم منیر کی فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی ان کی دفاع وطن کے لئے خدمات اور وطن سے بے لوث محبت کا بر وقت اعتراف ہے۔ قرارداد میں کہاگیا کہ یہ ایوان توقع کرتا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اپنی صلاحتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ قانون سازاسمبلی کا یہ اجلاس 6 اور07 مئی کو بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں چھپ کر کی جانے والی بلا اشتعال جارحیت کو سخت ترین الفاظ میں مسترد اور مذمت کرتا ہے۔ یہ حملہ نہ صرف پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے بلکہ جنوبی ایشیاء کے امن و استحکام کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ بھارت کی مسلسل جنگی جنون پر مبنی پالیسی، نہتے شہریوں اور سرحدی علاقوں کو نشانہ بنانا، انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔قرارداد میں کہاگیاکہ یہ ایوان بھارتی افواج کی 6 مئی کو کی گئی اشتعال انگیزی، سرحدی خلاف ورزی اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔ یہ عمل بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کے چارٹر، اور دوطرفہ معاہدات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔یہ ایوان پاکستان کی مسلج افواج کے فوری، مؤثر اور ذمہ دارانہ دفاعی ردعمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر عالمی برادری کو دکھایا ہے کہ وہ نہ صرف امن کا خواہاں ہے بلکہ اپنی خودمختاری اور سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔یہ ایوان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے مظالم، غیر انسانی محاصروں اور سیاسی قید و بند کا سامنا کر رہے ہیں۔ یہ قرارداد اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔یہ ایوان عالمی اداروں، خاص طور پر اقوام متحدہ، او آئی سی، اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت کو جارحیت سے باز رکھنے کے لیے موئثر اقدامات کیے جائیں۔مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔جنوبی ایشیاء میں قیامِ امن کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ ہٹ دھرمی اور فوجی قوت کے استعمال سے باز رہے۔یہ ایوان پاکستانی عوام، سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، میڈیا، اور نوجوانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ متحد ہو کر ملک کے دفاع اور کشمیری عوام کی جدوجہد میں اپنا کردار ادا کریں۔یہ ایوان مسلح افواج پاکستان کی قربانیوں، بہادری اور فرض شناسی کو سلام پیش کرتا ہے، جنہوں نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کی اور دشمن کو بھرپور جواب دیا۔اللہ تعالیٰ پاکستان، کشمیر اور پوری امتِ مسلمہ کو امن، آزادی اور انصاف عطا فرمائے۔پاکستان زندہ باد — کشمیر پائندہ باد
معاون خصوصی برائے قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق محترمہ نبیلہ ایوب خان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد میں کہاگیاکہ آج کا یہ اجلاس حالیہ بھارتی جارحیت کے ناکام عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے افواج پاکستان نے نعرہ تکبیر کی گونج میں آپریشن بنیان مرصوص‘ کی باوقار اور تاریخ ساز کامیابی حاصل کرنے پر پاک فوج کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ سپہ سالار پاکستان جنرل سید عاصم منیر کی ولولہ انگریز قیادت میں پاک فوج نے دشمن کو ایسا دندان شکن جواب دیا کہ اس کی جارحانہ پیش قدمی شرمندگی کی تصویر بن کر رہ گئے۔ فولادی عزم، غیر متزلزل ایمان اور جذبہ شہادت سے سرشار مسلح افواج پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ نہ صرف سرحدوں کے محافظ ہیں بلکہ وطن عزیز کے ہر زرے کی حرمت کے نگہبان بھی ہیں۔قرارداد میں کہاگیاکہ اجلاس میں پاک فوج کے شاہینوں نے بھارت کو یہ باور کرایا کہ پاک دھرتی پاکستانی قوم اور اس کی فوج ایک نا قابل تسخیر چٹان کی مانند ہیں۔ افق پر بلند ہوتے نعرہ تکبیر کی صدائیں LOC کے مکینوں کی حفاظت کی گواہی دے رہی تھی۔ جنرل عاصم منیر کے تدبر پرمبنی حکمت عملی اور ان کے بے خوف سپاہیوں کی شجاعت، ایئر چیف مارشل جنرل ظہیر اور کورکمانڈ راولپنڈی جنرل شاہد امتیاز مرزا کی معیت کے ساتھ ساتھ قوم کی دعاؤں نے جنگی میدان کو ایک نئی روح بخشی۔ جہاں دشمن کی توپیں خاموش ہو ئیں، وہیں ہماری قوم کا دل اپنے جانبازوں کے فخر سے دھڑ کنے لگا۔ مادر وطن کے سپاہی اپنے لہو سے اور قوم کی دعاؤں سے امن کا پرچم بلند کر رہے ہیں۔ ان کے حو صلے فلک بوس، ان کاعزم پہاڑوں سے بلند اور ان کی للکار دشمن کیلئے قیامت کا پیغام ہے۔ جنگ دو مراحل میں دو گھنٹے تک ہوئی ہے اور بھارت کا جنوبی ایشیاء پر بالا دستی کا خواب چند گھنٹوں میں چکنا چور ہو گیا۔ اس معرکہ میں دراصل کشمیر کا مسئلہ مودی سرکار کی احمقانہ حرکات اور جارحانہ پالیسی کی وجہ سے دوبارہ عالمی مسئلہ بن کر اُبھرا ہے اور اس میں ہم چین اور ترکی کے بھر پور تعاون کے بھی شکر گزار ہیں۔ چین نے اپنی لازوال پاکستان کے ساتھ دوستی کو بدرجہ اتم نبھایا۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیا یونی پولر سے بائی پولر ہوگئی ہے۔ مغرب کے اسلحہ کی برتری کا بھرم ٹوٹ گیا ہے اور پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھورہی ہے۔ اس جنگ سے پہلے روز تک پوری دنیا مودی کے ساتھ تھی جب کہ اب نقشہ مکمل بدل چکا ہے۔ اس سے یہ حقیقت بھی عیاں ہوتی ہے کہ اگر ایک قوم اور وطن عزیز کے محافظ اپنے پاؤں پر استقامت سے کھڑے رہیں تو کامیابی ان کا مقدر بن جاتی ہے۔ پوری قوم یک زبان ہو کر دعا گو ہے کہ اللہ پاک افواج پاکستان کو فتح عزت اور سر بلندی عطا فرمائے اور عظیم سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت میں وطن عزیز ہمیشہ سلامت اور سر بلند رہے اور دعا ہے کہ اللہ پاک ہمارے مادر وطن پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنائے۔ (آمین)
مظفرآباد (پی آئی ڈی )21مئی 2025
آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوارن اظہار خیال کر تے ہوئے ممبر اسمبلی دیوان غلام محی الدین نے کہا کہ افواج پاکستان نے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہندوستانی جارحیت کے جواب میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو موثر حکمت عملی سے دندان شکن جواب دے کر تاریخ رقم کی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا جس پر افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں

