صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ہم اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ اُس نے افواجِ پاکستان کو آپریشن ”بنیان مرصوص” میں عظیم الشان فتح سے سرفراز فرمایا۔ یہ معرکہ صرف ایک جنگ نہ تھی بلکہ حق و باطل کا ٹکراؤ تھا، جہاں پاک فوج نے عددی طور پر دس گنا بڑے دشمن کو نہ صرف شکست دی بلکہ اُس کے جنگی جنون اور غرور کو خاک میں ملا دیا۔ یہ فتح ہمارے شہداء کے لہو کی گواہی ہے، اُن ماؤں کی دعا کا ثمر ہے جنہوں نے اپنے لال اس وطن پر نچھاور کیے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کی جارحیت کا جو دندان شکن جواب دیا، اُس نے دنیا بھر میں پاکستان کی عسکری عظمت کا سکہ جما دیا۔ آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار فتح قوم کی غیرت، افواج کی جرا ت اور شہداء کی قربانیوں کا مظہر ہے۔معرکہ حق کا دن ایک ایسا دن جس پر پوری کشمیری اور پاکستانی قوم فخر کر سکتی ہے۔آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق میں تاریخ ساز فتح پر ہم ہفتہ تشکر منائیں گے اسی سلسلے میں یکم جون کوضلع کوٹلی میں یوم تشکر کی تقریب منعقد ہو گی میں خود اس تقریب میں شرکت کروں گا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیزفائر ایک خوش آئند پیش رفت ہے، جو خطے میں قیامِ امن کی امیدوں کو نئی زندگی بخشتی ہے۔ تاہم پائیدار امن کے لیے ضروری ہے کہ جاری مذاکرات کو سہ فریقی شکل دی جائے جن میں پاکستان، بھارت اور کشمیری عوام بطور اصل فریق شامل ہوں۔ ان مذاکرات کی بنیاد مسئلہ کشمیر ہونا چاہیے، کیونکہ جنوبی ایشیا میں مستقل بدامنی اور کشیدگی کی جڑ یہی دیرینہ تنازع ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ایک مثبت اشارہ ہے، جس سے بین الاقوامی برادری کی توجہ اس سلگتے ہوئے مسئلے کی طرف مبذول ہوئی ہے۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ کشمیر کوئی علاقائی تنازع نہیں بلکہ انسانی حقوق اور آزادی کی جدوجہد کا مسئلہ ہے، جسے عالمی ضمیر کی بیداری اور سنجیدہ سفارتی کاوشوں کے ذریعے حل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری جاوید اقبال کی رہائش گاہ پر آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار فتح پر یوم تشکر کے موقع پر استقبالیہ جو کہ جلسہ عام کی صورت اختیار کر گیا سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جلسہ میں میزبان جلسہ سابق صدرمیرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری جاوید اقبال کے علاوہ چیئرمین ضلع کونسل راجہ نوید اختر گوگا، میئر میرپور چوہدری عثمان خالد، صدر میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عمر شہزاد،سابق صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری شکیل زمان ایڈووکیٹ، سابق چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری صدیق اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ میں جہاں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے کوشاں رہتا ہوں وہیں میں ریاست کی عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد بھی جاری رکھتا ہوں۔ میرپور کے بیشتر مسائل حل ہو چکے ہیں راٹھوعہ ہریام پل کی تکمیل کا کام تیزی سے جاری ہے پارکنگ پلازہ کے منصوبے کا میں نے افتتاح کر دیا ہے جلد وہ منصوبہ مکمل ہو جائے گا۔سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری جاوید اقبال نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو درپیش جن مسائل کا ذکر کیا ہے میں انہیں فوری طور پر حل کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کروں گا میرپور میں سی پیک منصوبہ کے تحت بزنس سینٹر کا قیام میرپور مظفرآباد مانسہرہ موٹر وے کا قیام میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ میرپور میں ڈرائی پورٹ کا افتتاح میں نے کیا اس منصوبے پر 80 فی صد کام ہو چکا ہے۔میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا قیام میرپور کی عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے برطانیہ کی پارلیمنٹ کے 20 ممبران نے میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قیام کے لیے خط میں لکھا تھا اور اس سلسلے میں ہماری کوششوں سے انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی فزیبلٹی رپورٹ پر کام شروع ہو چکا ہے۔ اس موقع پر استقبالیہ جلسہ میں آمد پر صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر استقبالیہ جلسہ میں آزاد کشمیر کی سیاسی، سماجی، کاروباری اور صحافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔جلسہ کے میزبان چوہدری جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اورصدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور،اپوزیشن لیڈر و ممبر اسمبلی چوہدری محمد یاسین،ممبر اسمبلی چوہدری محمد اسماعیل،ممبر اسمبلی سید بازل علی نقوی،ممبر اسمبلی محترمہ سحرش قمر،ممبر اسمبلی چوہدری محمد رخسار،ممبر اسمبلی محترمہ فرزانہ یعقوب کی جانب سے قراردادیں پیش کیں گئیں۔جنہیں متفقہ طور منظور کر لیا گیا۔
سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیرا عظم و ممبر اسمبلی
