صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم آپریشن ”بنیان مرصوص“ میں بھارت کے خلاف زبردست کامیابی پراپنی مسلح افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں۔پاک فوج نے بہادری کے ساتھ بھارت کے ناپاک عزائم اور جنگی جنون کو خاک میں ملایا اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ مودی سرکار نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنایا اور مقبوضہ کشمیر کے اندر بھی پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر کشمیریوں پر ظلم و جبر میں مزید اضافہ کر دیا ہے اور کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔ مودی سرکار کی ہندوتوا پالیسیوں، انتہاء پسندانہ رویہ اور جنگی جنون کا پردہ چاک ہو گیا ہے جس پر بھارت کے عوام بھی مودی سرکار کی ناکامی پر آواز اُٹھانے کے ساتھ ساتھ نریندر مودی سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کر رہے ہیں۔ جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مودی سرکار اپنی ہندوتوا پالیسیوں کی وجہ سے بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور اُس کی فسطائیت کا پردہ بھارت کے اندر اور بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہے لیکن بھارت ماضی میں اپنے دہشت گردی والے بھیانک چہرے کو دنیا سے چھپاتارہا اور بین الاقوامی برادری کے سامنے اپنے آپکو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرتا رہا ہے لیکن اب بھارت یہ پروپیگنڈاعالمی برادری کے سامنے بری طرح ایکسپوز ہو گیا ہے۔ کینیڈا میں کینیڈین شہری ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا واضح اور ٹھوس ثبوت کینیڈین وزیر اعظم نے کینیڈین پارلیمنٹ میں پیش کیے ہیں۔بھارت کے ان تمام جنگی جرائم کا انٹرنیشنل کمیونٹی کو نوٹس لیتے ہوئے بھارت کو کسی بھی جنگی جارحیت سے باز رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں کوٹلی میں ڈاکٹر جہانگیر کی طرف سے اُن کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں دئیے گے استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیر مال چوہدری محمد اخلاق، وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر ملک، وزیر بحالیات جاوید اقبال بڈھانوی، صدارتی مشیر چوہدری محبوب ایڈووکیٹ، میئر کوٹلی چوہدری تاج، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی چوہدری رزاق ایڈووکیٹ اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر تقریب کے میزبان ڈاکٹر جہانگیر نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خوش آمدید کہا اور اُن کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی خدمات کو سراہا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بناکر معصوم شہریوں کو شہید کیا۔ بھارت نے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ملکی سالمیت کو نشانہ بنایا جس پر پاک فضائیہ نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے جنگی جنون کو خاک میں ملاتے ہوئے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاک بھارت جنگ بندی کے لئے کی جانے والی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور ہم مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کی پیشکش پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیونکہ بھارت نے آج تک مسئلہ کشمیر کو اندرونی مسئلہ بتا کر دبایا ہے لیکن اب امریکی صدر نے بھارت کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اندرونی مسئلہ کہنے والے بھارت کے بیانیے کو چکنا چور کر دیا ہے اور امریکی صدر کی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش پر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر ایک بار پھر پذیرائی ملی ہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ہم عالمی برادری بالخصوص امریکہ سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دینے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر مذاکرات سہ فریقی ہونے چاہیے اور مذاکرات کی میز پر مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیریوں کو بھی بٹھایا جائے تاکہ دیرینہ اور حل طلب مسئلہ کشمیر کا مستقل اور پائیدار حل ممکن ہو سکے کیونکہ جنوبی ایشیاء میں امن کی کنجی مسئلہ کشمیر کے حل میں مضمر ہے۔ اپنے دورہ کوٹلی کے دوران صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دربار عالیہ اگہار شریف پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ بعد ازاں صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈاکٹر جہانگیر کی رہائش گاہ پر کوٹلی کے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے خلاف مسلح افواج کی آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی پر اظہار تشکر کے لئے یکم جون کو میں ضلع کوٹلی آؤں گا۔ صدر ریاست آزاد جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کا وقت آگیا ہے۔امریکہ کے صدرڈونلڈ ٹرمپ سے لے کر سعودی عرب،قطر،دبئی اور چائنہ یہ سمجھ چکے ہیں کہ اس خطے میں امن کا واحد حل مسئلہ کشمیر کو حل کرنے سے ہی ممکن ہے۔مجھ سے گزشتہ روز بھی پاکستان میں امریکی سفارتخانے کے وفد نے بھی ملاقات کی ہے۔ مقدمہ کشمیرہم سے بہتر کوئی بھی نہیں لڑ سکتا ہے ہم دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے سہ فریقی مذاکرات سے ہی مسئلے کا حل نکلے گا۔یکم جون کو کوٹلی میں یوم تشکر منانے کا اعلان کرتا ہوں میں خود اس دن کوٹلی آؤں گا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت کو منہ کی کھانا پڑی ہے۔ ہماری بہادر افواج نے اپنے ازلی دشمن کو یہ بتا دیا ہے کہ ہم کوئی شام یا فلسطین نہیں ہیں بلکہ پاکستان ہیں۔ نریندر مودی کا خواب بکھر کر رہ گیا ہے آج وہ اپنی قوم سے چھپتا پھر رہا ہے،ہماری بہادر فوج نے ایک تاریخ رقم کر دی ہے پاکستان کی فوج کے پیچھے ہر کشمیری کھڑا ہے۔ انٹرنیشنل کمیونٹی اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
٭٭٭٭٭
نیوز:02
کوٹلی( )16مئی 2025ء
صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے سابق سیکرٹری حکومت چوہدری منظور کے صاحبزادے ڈاکٹر ساجد منظور (مرحوم) اور سابق ایڈمنسٹریٹر کوٹلی چوہدری بوستان(مرحوم) کی وفات پر اُن کی رہائش گاہوں پر لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ دریں اثناء صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے چوہدری ظہور کی والدہ کی وفات پر اُن کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور اُن کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پر صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ اللہ رب العزت تمام مرحومین کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور جملہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔

