وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق بھمبر کے دورہ کے بعد ایل او سی کے دورے پر کوٹلی پہنچ گئے

وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق بھمبر کے دورہ کے بعد ایل او سی کے دورے پر کوٹلی پہنچ گئے،وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کوٹلی سے سیدھے سمٹی مجہان شہداء کی قبروں پر گئے، شہداء عمر موسی اور مصباح کوثر کی قبروں پر حاضری ،درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی ،وزیراعظم شہداء کی قبروں پر حاضری کے بعد شہداء کے والد ڈاکٹر موسیٰ کے گھر گئے اور تعزیتی مجلس میں شرکت کی ، سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزیر صحت عامہ ڈاکٹر نثار انصر ابدالی ،وزیر بحالیات جاوید بڈھانوی بھی موجود تھے۔ بدھ کے روز تعزیتی مجلس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں سے قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا اس موقع پر پر اہل علاقہ بھی شریک ہوئے اوروطن عزیز کے لئے مزید قربانیوں کا عزم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہمارے سر فخر سے بلند کیے ، ساری قیادت کا شکریہ جو افواج کی پشت پر کھڑے رہی اور بھارت کو شکست فاش ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد شہداء کے ورثاء کیساتھ اظہار یکجہتی تھا۔ وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ

شہداء چنیدہ لوگ ہوتے ہیں جنہیں اللہ شہادت کا رتبہ دیکر اپنے پاس بلاتا ہے۔ ہم سب کو دنیا سے جانا ہے، کیسے، کب اور کہاں جانا ہے ؟مالک الملک جانتا ہے ، وزیراعظم نے کہا کہ دکھ بانٹنے آئے ہیں۔ 77 سال سے خونی لکیر کے اس پار تصور کریں وہاں زندگی کتنی مشکل اور تکلیف دہ ہے۔ حالیہ بھارتی شیلنگ و حملے کے جملہ شہداء کے ورثا مالی معاونت فراہم کردی گئی ،وزیراعظم نے کہا کہ جنگ سے قبل ہی ایمرجنسی فنڈ قائم کیا ایک ارب روپیہ منتقل کیا۔ ڈپٹی کمشنرز کو وسائل مہیا کئے۔ بھارتی شیلنگ کے شہداء اور زخمیوں کو جنتی مالی امداد دی ہے اس میں مزید خاطر خواہ اضافہ کریں گے، مستقل معذوروں کی مالی معاونت میں اضافہ ہوگا ،مکانات ،مال مویشی سمیت تمام تر نقصان کو پورا کیا جائے گا۔ شہداء اور زخمیوں کو نئے چیک ملیں گے۔ مقصد دکھوں کو کم سے کم کرنا ہے۔گولہ باری میں تباہ ہسپتال اور کالجز کی عمارتوں کو اصل صورت سے بہتر قائم کردیا جائے گا، وزیراعظم نے کہا کہ عقل کے اندھے محافظ اور قابض افواج میں فرق سمجھیں ،ہمارے شاہینوں نے مودی کو گھر میں گھس کر مارا ہے ، وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آج آزاد کشمیر میں بددیانتی اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دیا ہے ، وزیر اعظم ُنے کہا کہ ریاست کے وسائل عوامی تعمیر وترقی پر خرچ ہوں گے مافیاز اور ٹیکس چوروں کا حکومت نے وہ حشر کیا ہے ہمیشہ یاد رکھیں گے، حکومت نے تین روپے یونٹ بجلی دو ہزارروپے من آٹا دیا ہے ، وزیراعظم نے ورثاء کے مطالبے پر سمٹی مجہان میں مصباح شہید کے نام پر پرائمری سکول بنانے کا اعلان بھی کیا۔

Share This Post

More To Explore