آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ انتہا پسند مودی کا آزادکشمیر میں دہشتگردوں کونشانہ بنانے کا دعویٰ جھوٹا ،مکارانہ اور فریب پر مبنی ہے ۔

آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ انتہا پسند مودی کا آزادکشمیر میں دہشتگردوں کونشانہ بنانے کا دعویٰ جھوٹا ،مکارانہ اور فریب پر مبنی ہے ۔معصوم بچے، اللہ کے گھر، گھریلو خواتین اور سینکڑوں بے گناہ شہریوں کو شہید کرنے کے بعد بھی بھارتی وزیراعظم کی جانب سے ایک جھوٹا بیانیہ تشکیل دینا ڈھٹائی کی آخری حد ہے۔ مودی ذہنی اور نفسیاتی مریض اور انسانیت دشمن شخص ہے ۔بلال مسجد مظفرآباد اور کوٹلی مسجد پر بھارتی حملوں میں معصوم بچے شہری شہید ہوے ،ہم کشمیری قوم ایک طویل عرصہ سے بھارتی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ہم بحیثیت ترجمان حکومت آزادکشمیر اور کشمیری قوم کے نمائندہ کی حیثیت سے خود ساختہ پہلگام واقعہ کی بنیادپر پاکستان اور کشمیری قوم پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ہم متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ بھارت پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں ملوث لوگوں کا ثبوت دے مگر وہ ثبوت دینے کے بجائے الٹا اس نے معصوم بچوں شہریوں اور مساجد پر حملہ کیا۔ کیا حملہ آوروں کو آسمان کھا گیا یا زمین نکل گئی ؟جبکہ وہاں پر قریب میں فوج کا ایک یونٹ بھی ہے اور پولیس چوکی بھی۔ ہر ساتویں کشمیری پر ایک بھارتی فوجی مسلط ہے۔ بھارت کے فالس فلیگ آپریشن پہلگام میں “را” ناکام ہوئی جبکہ پاکستان پر رات کی تاریکی میں چھپ کر حملہ کرنے میں “رافیل “ناکام ہوئے۔مودی جیسے نفسیاتی اور ذہنی مریض کا کسی ملک کا وزیراعظم رہنا تو دور کی بات اس جیسا انتہا پسند دشمن شخص کسی مہذب سوسائٹی میں بھی رہنے کے قابل نہیں ہے۔وزیر اطلاعات آزادکشمیر مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب اظہر جتوئی اور قائمقام سیکرٹری جنرل سید شیراز گردیزی بھی موجود تھے ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ انتہا پسند مودی مظلوموں کی آہوں کی پکڑ میں آچکا ہے۔ اس لیے حواس باختہ ہو کر ایسی گفتگو کرتا ہے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرتا ہے مگر دنیا اب اس کے مکر و فریب کو جان چکی ہے۔ مودی اور اس کی کابینہ کے تھری ایڈیٹ وہ احمق لوگ ہیں جو تما م عالمی قوانین اور اخلاقی ضابطے اور معاشرتی قدروں کو روند کر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرتے ہیں۔کیا ایک مخبوط الحواس شخص ہندوستان جیسے ڈیڑھ ارب آبادی اور ایٹمی طاقت والے ملک کا سربراہ رہنے کے قابل ہے؟۔ بھارت کے وزیراعظم نے جو یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس نے سینکڑوں دہشت گرد ہلاک کیے وہ اس کا ثبوت دے۔ آج تو میڈیا کا دور ہے کوئی چیز بھی چھپائی نہیں جا سکتی۔ بھارتی وزیراعظم ایک جھوٹا اور مکار شخص ہے او اس نے مکاری اور گھٹیا پن کی آخری حدیں بھی پھلانگ دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ گجرات کا قصائی نہ احترام آدمیت رکھتا ے اور نہ رشتوں کی محبت اور تقدس جانتا ہے اس کے نزدیک فیملی کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔ یہ پورے جنوبی ایشیاء کو اپنی جھوٹی انا کی خاطر آگ میں جھونکنا چاہتا ہے اس لیے دنیا اس کی مخبوط الحواسی کا نوٹس لیا جانا انتہائی ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ الحمد للہ، پاکستان کی جانب سے جوابی وار ”بنیان المرصوص“ نے نہ صرف پاکستانی اور کشمیری قوم کو متحد کردیا بلکہ عالم اسلام کی امیدوں کا واحد مرکز پاکستان اور مسلح افواج پاکستان کی بصیرت کو مان لیا۔ میں اس موقع پر پاک فوج کے جری اور بہادر سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی ولولہ انگیز قیادت کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جو قوم کی امیدوں پر پورا اترے۔ ہماری پاک فضائیہ نے دشمن پر اپنی برتری واضح کی اور دنیا نے پاک فضائیہ کی برتری کو تسلیم کیا۔ پاکستان پر رات کی تاریکی میں بھارت کے حملے اور پاکستان کی جانب سے دن کی روشنی میں بھارت کو جوابی وار نے عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بلند کیا ہے اور بھارتی وزیراعظم کو پاکستان کا یہ امیج برداشت نہیں ہو رہا اور اس کو منہ کی کھانی پڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستا ن میں جو امن و سکون ہے اس کے پیچھے پاک فوج کا خون ہے۔ میں اس موقع پر پاک فوج کی شہداء اور انکی فیملیز کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادر وطن کی حرمت کی خاطر اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھا۔ ان شاء اللہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے ہے۔ کشمیری ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تھے،ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ ہم یک جان دو قالب ہیں۔ ان شاء اللہ الحاق پاکستان کی منزل حاصل ہو کر رہے گی۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیراطلاعات آزاد کشمیر میں یہ بھی واضح کر دوں کہ اس جنگ کے دوران بھارتی میڈیا نے نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ کو کھو دیا ہے۔ تمام بین الاقوامی میڈیا نے بھارتی میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ اور بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ بھارتی میڈیا بری طرح بے نقاب ہوا اور جھوٹا ثابت ہوا۔ الحمدللہ پاکستان کے میڈیا نے بھی انتہائی ذمہ داری کا مظاہر کیا او ر بین الاقوامی سطح پر اپنی ساکھ کو منوایا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں آزادکشمیر میں 32 افراد شہید ہوئے جن میں 17مرد،10خواتین اور 05 بچے شامل تھے جبکہ 125افراد زخمی ہوئے جن میں 67 مرد، 44خواتین اور 14 بچے شامل تھے۔ اس دوران 29گھر مکمل تباہ ہوئے جبکہ 206 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی آفر خوش آئند ہے ہم ایک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے ،ڈی جی آئی ایس پی آر کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے میڈیا کے محاذ پر حقیقت پر مبنی بیانیہ بنایا ۔ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ کمیونیکشن گیپ نہیں ہونا چاہیے ،قومی میڈیا سے ہمارا شکوہ ہے یہ کشمیر کو اہمیت نہیں دیتے ،ہمارے تمام وزراء حلقوں میں تھے ،میں خود موجود رہا لیکن ہماری اطلاعات الیکٹرانک میڈیا میں اس طرح نہیں آئی جس طرح آنی چاہیے خود وزیراعظم موجود رہے بلال مسجد ،شوائی کا دورہ کیا دریائے نیلم کا بہاؤ دیکھا ،بلیک آوٹ کا خود معائنہ کیا میں ساتھ تھا ،ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے ہم مسئلہ کشمیر کا فیصلہ چاہتے ہیں پاکستان کی حکومت اور عسکری قیادت نے اپنی پوزیشن واضح کر دی ہے ،دنیا طاقت کی زبان سمجھتی ہے پاکستان نے بھارت کے جنگی جنون کا بھرپور جواب دیا ،پہلگام فالس فلیگ آپریشن میں را ناکام ہوئی جبکہ فضائی معرکے میں رافیل ناکام ہو گئے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمارے تیس معصوم شہری شہید کئے ہیں اگلے مرحلے پر قانونی کارروائی بھی کریں گےتین سرکاری ہسپتالوں کو نقصان پہنچا ، سول ڈیفنس اور ایس ڈی ایم اے پورے دس اضلاع میں موجود ہیں اور وہ پوری طرح متحرک رہے ،ایمرجینسی کے دوران ہر تھانے می سو رضاکار رکھنے کا انتظام موجود تھا ،400 سے زائد بنکرز نیلم میں موجود ہیں جو ہم نے حالات کے پیش نظر رکھے ہوے تھے ،انہوں نے کہا کہ دلت اور سکھ ہندوستان کے خلاف ہیں ،دہلی ،حیدرآباد میں مسلمانوں کی املاک پر قبضہ کرنے کیلیے وقف املاک بورڈ کا قانون نافذ کیا گیا بہار کے الیکشن میں ہندو مسلم فسادات کے ذریعے الیکشن جیتنے کی کوشش کی کراچی سے لیکر نیلم تک قوم سیسہ پلائی دیوار بن گئی ،مسئلہ کشمیر دنیا میں اجاگر ہوا جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر سے مشروط ہے ۔میں ایل او سی کے گاؤں گیا وہاں سے لوگوں نے ہمارے کہنے کے باوجود گاؤں خالی نہیں کیا ،حکومت نے ایس او پی بنائی تھی کہ چوبیس گھنٹے کے اندر شہداء کو امدادی چیک دیا ،وزیراعظم بلال مسجد خود گئے عوام میں موجود رہے ،ان گاؤں والوں نے کہا کہ ہم اپنی پاک فوج کے ساتھ ملکر لڑیں گے ۔کچھ گاؤں سے ہم نے انخلاء کروایا وہ بھی زبردستی کیونکہ بچے تھے اور خواتین تھیں۔آخر میں وزیر اطلاعات نے نیشنل پریس کلب کے منتخب صدر اظہر جتوئی ،قائمقام سیکرٹری جنرل سید شیراز گردیزی سمیت تمام منتخب ارکان کو مبارکباد دی ۔انہوں نے کہا کہ آپ قوم کی فکری تربیت کرتے ہیں جس پر آپ مبارکباد کے مستحق ہیں

Share This Post

More To Explore