شہداء پولیس اور ان کی فیملیز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے پولیس لائن میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس،اعلی عسکری حکام،ریٹائرڈ فوجی افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں 12 ڈویژن کے لیفٹننٹ کرنل محمد مبشر،ڈی آئی جی ٹریفک پولیس/ٹیلی کمیونیکیشن جمیل احمد جمیل،ڈی آئی جی سپیشل برانچ حسن قیوم،ایس ایس پی ریزرو ہیڈکوارٹر سید عباس علی شاہ،ڈی ایس پی ریزرو ہیڈکوارٹر ثاقب عباسی سابق ریٹائرڈ ایس پی وحید گیلانی سمیت ریٹائرڈ پولیس آفیسران نے خصوصی شرکت کی۔لیفٹننٹ کرنل محمد مبشر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں امن کے قیام کے لیے پولیس کے شہداء نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انکا کہنا تھا ہمارے شہداء ملک کی سلامتی اور دشمن کے خلاف بہادری سے لڑے،یہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پولیس نے ہمیشہ داخلی امن کے لیے اہم کردار ادا کیا اور شہداء کے خاندانوں کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ڈی آئی جی پولیس ٹریفک جمیل احمد جمیل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جب ہماری فوج بارڈر پر دشمن کا مقابلہ کر رہی تھی، اس وقت پولیس، سول ڈیفنس، این جی اوز اور دیگر ادارے اپنی ذمہ داریاں بخوبی ادا کر رہے تھے، جس کی وجہ سے آپریشن بنیان مرصوص کے دوران کوئی افراتفری نہیں ہوئی۔ ہمارے جوانوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا جواں مردی سے مقابلہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن اپنے مرنے والوں کو شہید کہتا ہے لیکن ہمارا ایمان ہے کہ اسلام کے لیے جان قربان کرنے والا ہی شہید ہے۔آپریشن کے دوران فوج، پولیس اور دیگر ادارے مکمل رابطے میں رہے اور حکمت عملی کے تحت دشمن کو شکست دی۔ایس ایس پی ریزرو ہیڈکوارٹر سید عباس علی شاہ نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر آزادکشمیر پولیس پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان شاء اللہ ملک وقوم کی حفاظت کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ریٹائرڈ ایس پی وحید گیلانی نے ریٹائرڈ پولیس افسران کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر محاذ پر پولیس اور فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک کے دفاع کے لیے اگلے مورچوں پر جانے کو تیار ہیں۔تقریب میں شہداء کے خاندانوں کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔شہداء میں چوہدری سردار خان شہید، جاوید الحسن گیلانی، عبدالغفور شہید، قربان حسین شہید، غلام شبیر، محمد یوسف، رحمت علی، محمد یامین سکندر، ابرار حسین، عظمت حسین، راجہ محمد جمیل انسپکٹر شہید، عبدالوحید شہید کانسٹیبل، دلیل خان شہید، شہزاد حسین کاظمی شہید، ابرار احمد اعوان، محمد خورشید، محمد مشتاق، محمد بشارت، اسیر حسین شاہ، نذر حسین شہید، اور چوہدری محمد خالق شہید،ایس آئی عدنان فاروق شہید اور اے ایس آئی عبدالرؤف شامل ہیں۔

