آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا۔

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت بدھ کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس کے آغاز میں ممبر اسمبلی حافظ حامد رضا نے حال ہی میں وفات پاجانے ولے افراد، شہدائے افواج پاکستان اور شہدائے کشمیر کی بلندی درجات کیلئے ایوان میں فاتحہ خوانی کروائی۔ اجلاس میں چیئرمین مجلس منتخبہ و موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈوقار احمدنور نے مسودہ قانون دستورالعمل برائے ترقیاتی پروگرام لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی آرڈیننس،2025ء اورThe Azad Jammu and Kashmir Motor Vehicles (Amendment) Act, 2025.

پر مجلس کی رپورٹس ایوان میں پیش کیں ۔ یہ دونوں مسودات قانون ایوان نے متفقہ طورپر منظور کر لیے۔ ایوان میں وزیر قانون و پارلیمانی امور میاں عبدالوحید نے مسودہ قانون The Mirpur Development Authority (Amendment) Ordinance, 2025.ایوان میں پیش کیا جسے ایوان نے ممبران اسمبلی میاں عبدالوحید، قاسم مجید، یاسرسلطان، اظہر صادق، خواجہ فاروق احمد اور حافظ حامد رضا پر مشتمل مجلس منتخبہ کے سپرد کر دیا۔ ایوان نے مسودہ قانون The Azad Jammu and Kashmir Ehtesab Bureau (Eighth Amendment) Act, 2024.

بھی متعلقہ سٹیڈنگ کمیٹی کے سپردکردیا۔

مظفرآباد(پی آئی ڈی)30اپریل2025

سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر حکومت آزادکشمیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نورنے چوہدری انوارالحق وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر، جناب وقار احمد نور موسٹ سینئر وزیر/وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن/داخلہ، جناب خواجہ فاروق احمد قائد حزب اختلاف، جناب سردار میر اکبر خان وزیر زراعت،لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ، جناب میاں عبدالوحید وزیر قانون، انصاف، پارلیمانی امور وانسانی حقوق، جناب راجہ فیصل ممتاز راٹھور وزیر لوکل گورنمنٹ ودیہی ترقی،جناب راجہ محمد صدیق وزیر صنعت، کامرس، لیبرویلفئیر و اوزان و پیمائش، جناب محمد اکبر چوہدری وزیر خوراک، جناب اظہر صادق وزیر مواصلات وتعمیرات عامہ وجناب نثار انصر ابدالی وزیر صحت عامہ کی جانب سے مشترکہ قرارداد ایوان میں پیش کی۔ کرنل وقار احمد نور نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایوان پہلگام میں ہندوستان کی طرف سے فالس فلیگ آپریشن اور اس کے فوری بعد پاکستان پربے بنیاد الزامات، ہندوستانی میڈیا کی طرف سے مسلمانوں اور کشمیریوں کے خلاف نفرت کا ماحول پیدا کرنے، 2500 سے زائد عام شہریوں کی بلا جواز گرفتاریوں، گھروں کو بلڈوز کرنے اور دیگرظالمانہ اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان ہندوستان کی سیکورٹی کابینہ کمیٹی کے فیصلہ جات کی مذمت کرتا ہے، یہ فیصلہ جات ظاہرکرتے ہیں کہ ہندوستان نے ایک طے شدہ منصوبہ کے تحت بغیر کسی تحقیق یہ اقدامات کر کے پاکستان اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری حق خودار دایت کی تحریک کو بد نام کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہندوستان کو یہ قانونی حق حاصل نہیں کہ وہ سندھ طاس معاہدہ کو ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ کرے، اس معاہدے میں ورلڈ بینک ایک ضامن کے طور پر موجود ہے۔ ہندوستان کی طرف سے یہ اعلان اس خطہ کوبدامنی اور جنگ میں دھکیلنے کی کوشش ہے۔یہ ایوان پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے فیصلوں کی مکمل تائید کرتا ہے۔ پاکستان کے اس دلیرانہ موقف کو جموں و کشمیر کے عوام سراہتے ہیں۔ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے ہندوستان کے توسیع پسندانہ اور جارحانہ اقدامات کا موثر جواب ہیں۔یہ ایوان ہندوستان کی قابض افواج کی طرف سے سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں اور بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کرتا ہے اور پاکستان کی بہادر افواج کی طرف سے ہندوستان کو بھر پور جواب دینے پر ان کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان چیف آف آرمی سٹاف جناب جنرل عاصم منیر کی طرف سے کشمیریوں کے حق خودار دایت کے حوالہ سے دوٹوک اور اصولی موقف اپنانے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے، ہندوستان کے ہندتوا ایجنڈا کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے اور ہندوستان کی دھمکیوں کا پوری قوت اور جذبہ ایمانی سے جواب دینے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔یہ ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑیں گے اور اس ملک کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔یہ ایوان ہندوستان کے توسیع پسندانہ عزائم کو عالمی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ سمجھتا ہے۔ہندوستان کی حکومت کی طرف سے ہندوستان میں مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے مذہبی مقامات اور عقائد پر حملوں اور حکومت کی سرپرستی میں ان کو اپنے مذاہب چھوڑنے کے لیے قتل کرنے، تشدد اور جائیدادوں کو تباہ کرنے کے اقدامات کی مذمت کرتا ہے۔یہ ایوان قائد ایوان کی طرف کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق دلیرانہ اور دوٹوک موقف پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے اور قائد ایوان کے اس موقف کو ریاست جموں وکشمیر کے عوام کا اجتماعی موقف سمجھتا ہے۔یہ ایوان مقبوضہ جموں کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے اور حریت پسند عوام کے عزم،حوصلہ اور استقامت پر ان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کو یقین دلاتا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام اس جد و جہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حق خودارا دیت کی جدوجہد عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے۔ ہندوستان کا کوئی بھی اقدام کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم نہیں کر سکتا۔ یہ ایوان اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کے لیے ہندوستان کو مجبور کریں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔

مظفرآباد(پی آئی ڈی)30اپریل2025

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں تمام سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے متحد و متفق ہوکر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، موجودہ حالات میں کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار رہنا ہو گا،آزادجموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کااجلاس اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حالات معمول پر نہیں آتے۔ قانون سازاسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر حکومت کی اولین ترجیح ہے،پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے لئے ہروقت تیار ہیں۔

مظفرآباد(پی آئی ڈی)30اپریل2025

آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں قراردادوں پر بحث میں حصہ لیتے ہوئیوزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردارضیاالقمر نے کہاکہ ہندوستان اس خطے کے انسانوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگانا چاہتا ہے۔ ہماری لڑائی فاشسٹ سوچ کے ساتھ ہے، دلت اور دیگر اقلیتیں مودی کے جبر کا شکار ہیں ہماری ان سے کوئی لڑائی نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے ساتھ کھڑا ہے۔ آزادکشمیر کا بچہ بچہ اپنی بہاد ر افواج پاکستان کے شانہ بشانہ پوری قوت کے ساتھ اپنے وطن کی ایک ایک انچ کا دفاع کریگا۔

وزیر ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی محترمہ تقدیس گیلانی نے کہاکہ پہلگام واقعہ خودساختہ ہے۔ 2000میں بھی امریکی صدر کے دورے کے دوران ہندوستان نے ایسا ہی واقعہ کیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ دفاع وطن کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کسی بھی قسم کی جارحیت کی صورت میں آزادکشمیر کے عوام اپنی محافظ افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہر اول دستے کا کرداراداکرینگے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے بوکھلاکر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا جو کہ وہ خود یکطرفہ طور پر نہیں کر سکتا۔

وزیربرائے جموں وکشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے کہاکہ پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر مقبوضہ کشمیر کے عوام پر ظلم و جبر کیاجارہا ہے۔ ہمیں اپنی افواج پر پورا اعتماد ہے، ہمارے جذبے توانا ہیں ۔ انشاء اللہ جس طرح غزوہ بدر میں 313 ہزاروں کے لشکر پر بھاری رہے اسی طرح ہمیں بھی سرخرو ہونگے۔

ممبر اسمبلی حافظ حامد رضا نے کہاکہ جہاں بھی دہشتگردی ہوتی ہے اس کے تانے بانے ہندوستان سے ملتے ہیں ، امن ہماری ترجیح ہے کمزوری نہیں ۔ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کریگا۔دفاع کیلئے ہم سب ایک ہیں ۔

ایوان میں وقفہ سوالات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ بجلی کی وولٹیج کے مسائل شہروں کی نسبت دیہاتوں میں زیادہ ہیں اس جانب بھی توجہ دی جائے اور باالخصوص بجلی چوری اور ہر گھردوکان میں بجلی کا میٹرہرصورت نصب کیاجائے۔ موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نورنے کہاکہ گزشتہ سال برقیات کے شعبہ میں ڈیڑھ ارب روپے کی اے ڈی پی خرچ کی گئی۔ بجلی سستی ہونے کی وجہ سے لوگوں نے اے سی اور دیگر آلات زیادہ استعمال کرناشروع کردیے ہیں جس کی وجہ سے سسٹم پر لوڈ بڑھ گیا ہے۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ حکومت نے نئے ٹرانسفارمر خرید لیے ہیں جلد انکی انسٹالیشن بھی کر دی جائے گی۔

ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرٹرانسپورٹ جاوید بٹ کا کہناتھا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جرمانے کی حد بڑھائی گئی ہے تاہم یہ شرح پنجاب سے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ سپیڈ چیکنگ کے حوالہ سے بھی میکنزم بنارہے ہیں ۔

اجلاس کے دوران توجہ دلاؤنوٹس پیش کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ دارلحکومت میں بڑھتے ہوئے ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مانک پیاں پل کی تعمیر مکمل کی جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پل کا کچھ حصہ تعمیر ہوچکا ہے حکومت اس پل کی تعمیر مکمل کرے۔

سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے قانون سازاسمبلی کا اجلاس کل بروز جمعرات یکم مئی 2025 کو دن ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔

Share This Post

More To Explore