آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے صدر جاوید نجم الثاقب کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔

آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے صدر جاوید نجم الثاقب کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔وفد میں جنرل سیکرٹری سید مہر علی بخآری ،سیکرٹری نشر واشاعت رضوان احمد مغل اور شہزاد اشرف کیانی شامل تھے ۔وزیراعظم نے ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کی وکلاء برداری نے ریاست میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کیلیے نمایاں کام کیا ہے ،بار اور بنچ میں جس قدر ہم آہنگی ہو گی اتنی ہی عوام کو حصول انصاف میں آسانی ہو گی ،میں خود قانون کا ادنیٰ طالب علم ہوں اور مجھے اس پروفیشن پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء کے مسائل سے بھی آگاہ ہوں جس قدر ہو سکا وسائل کے اندر رہتے ہوے انہیں حل کرنے کی کوشش کرونگا ۔انہوں نے کہا کہ وکلاء خود کو حصول انصاف کیلیے وقف کر دیں اور سائلین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے اپنا فریضہ دیانتداری سے انجام دیں، وزیراعظم نے صدر سپریم کورٹ بار کی اس تجویز سے مکمل اتفاق کیا کہ آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنوں میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صاحب راۓ اور علم دوست حضرات کو شامل کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی اور گڈ گورننس کو مزید بہتر کرنے کے حوالے سے علمی مباحثوں کا انعقاد کروایا جائے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ الحمد للہ اتحادی حکومت کو دو سال مکمل ہو چکے ہیں اس عرصے کے دوران ایک روپے کی کرپشن کا کوئی کیس بھی سامنے نہیں آیا ،اللہ تعالیٰ کے فضل سے مافیاز پر آہنی ہاتھ ڈالا جس سے قومی خزانے کو اربوں کا فایدہ ہوا ۔انہوں نے کہا کہ شفاف طرز حکومت متعارف کروایا ہے جس سے عام آدمی کا اعتماد بحال ہوا ہے اور وہ اس قابل ہوے ہیں کہ گورننس کی پیچیدگیوں کو سمجھ سکیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیراعظم تک عام آدمی کی رسائی کو ممکن بنایا ہے پروٹوکول کا خاتمہ کیا ہے اور غیر ضروری اخراجات کو ختم کرکے عوام کے ٹیکس کے پیسے کی بچت کی ہے ۔اس موقع پر صدر سپریم کورٹ بار آزادکشمیر نے وزیراعظم کے عوام دوست اقدامات کو سراہا اور گڈ گورننس کی تعریف کی۔

Share This Post

More To Explore