آزادکشمیر حکومت کی مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثارہ عباسی سے سماجی تنظیم پین ویلفیئر فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات۔

آزادکشمیر حکومت کی مشیر برائے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن محترمہ نثارہ عباسی سے سماجی تنظیم پین ویلفیئر فاؤنڈیشن کے وفد کی ملاقات۔ تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کے علاج، مفت آکسیجن اور دیگر سہولیات کی فراہمی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے تبادلہ خیال۔ اس موقع پر سماجی تنظیم کے وفدکی جانب سے جاریہ سماجی و فلاحی سرگرمیوں پر مشیر حکومت کو بریفنگ دی گئی۔ وفد میں معروف سماجی کارکنان اے آر کمال، محمود اعوان اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے بتایا کہ پین ویلفیئر کے پلیٹ فارم سے تھیلیسیمیا جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات جاری ہیں۔ جن میں بچوں کو باقاعدگی سے چلیشن تھراپی کے لیے درکار انجکشنز کی مفت فراہمی شامل ہے۔ اس کے علاوہ، پھیپھڑوں کے دائمی امراض میں مبتلا مریضوں کو بلا معاوضہ آکسیجن سلنڈرز اور آکسیجن کنسنٹریٹرز بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ وفد نے مشیر حکومت کو خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفد نے آزاد کشمیر میں “تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا سوسائٹی” کے قیام کے حوالے سے کی گئی کوششوں پر بھی بریفنگ دی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر حکومت محترمہ نثارہ عباسی نے کہا کہ پین ویلفیئر فاونڈیشن کی خدمات قابل ستائش ہیں۔ معاشرتی فلاح کے ان اقدامات کی سرکاری سطح پر ہر ممکن حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر نیک کام میں فائونڈیشن کے ساتھ اپنا بھرپور تعاون یقینی بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے کسی بڑے ادارے کی عدم موجودگی کی وجہ سے پین ویلفیئر کی جانب سے “تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا سوسائٹی” کا قیام کی تجویز وزیر اعظم آزادکشمیر کے نوٹس میں لاتے ہوئے اس پر عملدرآمد کروائیں گے۔ حکومت آزادکشمیر عوام کی فلاح وبہود پر یقین رکھتی ہے۔ سماجی کاموں میں حصہ لینے والا ہر شخص اور ہر ادارہ قابل فجر ہے۔ انسانیت کی خدمت ایک مشن ہے جسے عبادت سمجھ کر سرانجام دینا چاہیے۔ آخر میں وفد نے محترمہ نثارہ عباسی کی طرف سے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں تھیلیسیمیا کے حوالے سے کام کو خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اُن کی مسلسل کمٹمنٹ کے باعث یہ مشن جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگا.

Share This Post

More To Explore